سپرے، ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز و سٹاف کی منڈیوں میں تعیناتی سمیت نتیجہ خیز کاوشیں بروئے کار لائی جائیں‘عبداﷲ خان سنبل

لاہور ڈویژن کیٹل مینجمنٹ کمپنی و دیگر متعلقہ ادارے کانگو وائرس اور اس کے پھیلاؤ کے خدشات پر مکمل طور پر قابو پانے کیلئے جامع نظام کو ترتیب دے کر اس کی تلفی کیلئے کام کریں‘کمشنر لاہور ڈویژن

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کانگو وائرس کے خطرے کے سدباب کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن کیٹل مینجمنٹ کمپنی و دیگر متعلقہ ادارے کانگو وائرس اور اس کے پھیلاؤ کے خدشات پر مکمل طور پر قابو پانے کے لیے جامع نظام کو ترتیب دے کر اس کی تلفی کے لیے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم، ٹھوس اقدامات، سپرے، ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز و سٹاف کی منڈیوں میں تعیناتی سمیت نتیجہ خیز کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔اجلاس میں ایم ڈی لاہور ڈویژن کیٹل مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر احتشام، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری امجد و متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی ڈاکٹر احتشام نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ کمپنی کے تحت تمام منڈیوں میں چیچڑوں سے پاک جانور کی فراہمی مکمل صفائی، آگاہی، سپرے سمیت تمام اقدامات کو بروئے کار لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک منڈیوں کے داخلی راستوں پر 12827 جانوروں کو لانے والی گاڑیوں ، منڈیوں میں آنے والے 92355 جانوروں کی سپرے سے صفائی، جبکہ منڈیوں سے نکلنے والی 12780 گاڑیوں اور منڈیوں سے جانے والے 91923 جانوروں کی سپرے سے صفائی کے علاوہ کیٹل منڈیوں کے شیڈوں میں موجود 112186 جانوروں کو سپرے کے بعد صاف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا سپرے کے لیے تمام جدید مشینری اور فاگرز کمپنی کے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسداد کانگو وائرس مہم کے سلسلے میں شاہ پور کانجراں منڈی میں ہزاروں پمفلٹس تقسیم کرنے کے علاوہ سینکڑوں بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جو کہ منڈیوں میں آنے والے کسانوں اور خریداروں کو حفاظتی تدابیر اور ہدایات جاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین ویٹرنری ڈاکٹروں اور 22 ویٹرنری اسسٹنٹس پر مشتمل ٹیم 24 گھنٹے منڈیوں میں تعینات رکھی گئی ہے۔

کانگو وائرس کی وجہ چیچڑوں کی تلفی کو ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ بہاولپور، چولستان، خیبرپختونخوا سے آنے والے جانوروں کے ذریعے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو روکنے کے لیے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کرنے کے علاوہ ان جانوروں کی سپیشل پروٹوکول کے تحت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :