والڈ سٹی اتھارٹی و برٹش کونسل کی انٹرنیشنل ہیریٹج ، میوزیم کانفرنس اختتام پذیر

انتہائی معلوماتی کانفرنس تھی بہت کچھ سیکھنے کو ملا، کامران لاشاری، کانفرنس کا انعقاد ہر سال کرینگے‘ تانیہ قریشی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء ) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور برٹش کونسل کے مشترکہ تعاون سے شروع ہونے والی پہلی انٹرنیشنل ہیریٹج اینڈ میوزیم کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔تین روزہ کانفرنس میں ورثہ، تاریخی یادگاریں، عجائب گھر اور سیاحت کے فروغ کے لئے تجاویز دی گئیں۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے ماہرین نے شرکت کی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس ضمن میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہاکہ اس کانفرنس کے ذریعے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اورمعلوم ہوا کہ دوسری قومیں اپنے ورثے کے تحفظ کے لئے کیا کیا اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ غیر ملکی مندوبین نے کانفرنس میں دلچسپی ظاہر کی اور اپنی اپنی تجاویز دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ برٹش کونسل کے ساتھ مل کر اس کانفرنس کو کامیاب بنانا ایک اچھا تجربہ تھا۔

برٹش کونسل کے ڈائریکٹر کیون میک لاون نے کہاکہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور برٹش کونسل کے باہمی اشتراک سے یہ پہلی انٹرنیشنل ہیریٹج میوزیم کانفرنس اختتام پذیر ہو چکی ہے اور خوشی اس بات کی ہے کہ مذکورہ کانفرنس ایک کامیاب منصوبہ رہا۔کانفرنس کے شرکاء نے اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کیا جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ تاریخی ورثے لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اتھارٹی کے ترجمان تانیہ قریشی نے کہاکہ ہر سال اس کانفرنس کے انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا۔ غیر ملکی مندوبین کی جانب سے لاہور کے تاریخی ورثے کو سراہا گیا ۔ اتھارٹی کی جانب سے ورثے کے تحفظ و بحالی اور سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے۔