وزیر اعظم کے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت دہشتگردی کے مقدمات جلد از جلد نمٹانے کیلئے خصوصی احکامات، اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل

کمیٹی تمام مقدمات کا تفصیلی جائزہ لے کران میں پیشرفت کے حوالے سے وزیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے ملک کی مختلف عدالتوں میں زیر سماعت دہشت گردی کے مقدمات جلد از جلد نمٹانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل دیدی جو تمام مقدمات کا تفصیلی جائزہ لے کران میں پیش رفت کے حوالے سے وزیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں دہشت گردی کے تمام مقدمات میں آئندہ 2 ماہ میں واضح پیش رفت بارے احکامات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل آف پاکستان اشترا اوصاف علی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ‘تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز ‘ ہوم سیکرٹریز ‘ آئی جیز اور پراسیکیوٹر جنرل کو کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالتوں میں زیر سماعت دہشت گردی کے مقدمات کا تفصیلی جائزہ لے کران میں واضح پیش رفت سے متعلق لائحہ عمل تیار کرے اور تمام صوبوں کو ان مقدمات میں ہر قسم کی قانونی معاونت فراہم کی جائے تاکہ دہشت گردی کے عفریت پر قابو پر کر معصوموں کو خون میں نہلانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :