شام ، ادلب پر فاسفورس بم حملہ، بچوں سمیت 10افراد زخمی ،حْماہ میں روسی ہیلی کاپٹر تباہ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 18:57

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) شام کے شہر ادلب میں تین روز کے اندر دوسری مرتبہ معرہ مصرین شہر کو فاسفورس بموں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہو گئے جبکہ حزب اختلاف کے جنگجوؤں نے روسی ہیلی کاپٹر کو مارگرانے کا دعویٰ کردیا۔غیرملکی میڈیاکے مطابق شام کے شہر ادلب میں تین روز کے اندر دوسری مرتبہ معرہ مصرین شہر کو فاسفورس بموں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

شامی کارکنان کے مطابق بم باری کے نتیجے میں بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہو گئے۔دوسری جانب شامی جیش حْر کے ایک گروپ کی جانب سے جاری کی جانے والی وڈیو میں حْماہ شہر کے شمالی نواح میں ایک ہیلی کاپٹر کے نشانہ بننے اور گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔اپوزیشن ذرائع اور انسانی حقوق کی شامی رصدگاہ کے مطابق حزب اختلاف کے جنگجوؤں نے جمعے کے روز حْماہ صوبے میں ایک ہیلی کاپٹر کو تباہ کر دیا جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ روسی فوج کا تھا۔

(جاری ہے)

بشار الاسد کی حکومت کے لیے تزویراتی اہمیت کے حامل اس علاقے میں اپوزیشن کے جنگجو ایک بڑے حملے میں مصروف ہیں۔شامی جیش حْر کے پرچم تلے لڑنے والی جماعت جیش العزہ نے ایک بیان میں روسی ہیلی کاپٹر تباہ کر دینے کا دعوی کیا ہے۔ بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو شامی حکومت کے زیر کنٹرول شہر حْماہ کے شمال مغرب میں پانچ کلومیٹر دور واقع گاؤں رحبہ خطاب کے نزدیک مار گرایا گیا۔

جیش العزہ نے انٹرنیٹ پر ایک وڈیو کلپ نشر کی ہے جس میں ایک ہیلی کاپٹر کودھماکے سے پھٹتے ہوئے اور پھر گرنے کے بعد دھوئیں کے گہرے سیاہ بادلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ کلپ میں جنگجوؤں کو ٹاؤ راکٹ فائر کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔انسانی حقوق کی شامی رصدگاہ کے مطابق ہیلی کاپٹر کے عملے کا انجام معلوم نہیں ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :