مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک میں خوشحالی اور میگا پروجیکٹس پر کام کررہی ہے، مخالف سیاسی جماعتوں نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست شروع کی ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 ستمبر 2016 18:55

اسلام آباد ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3 ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک میں خوشحالی اور میگا پروجیکٹس پر کام کررہی ہے لیکن دوسری جانب مخالف سیاسی جماعتوں نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست شروع کی ہے۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک معاشی لحاظ سے ٹیک آف کرچکا ہے اور آئی ایم ایف جیسے مالیاتی اداروں کو خیرباد کہہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند دل خراش واقعات کے سوا مجموعی طور پر ملک میں امن وامان کی صورت حال میں اسی فیصد بہتری آئی ہے، 2018ء تک توانائی بحران پر قابو پالیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاک چین اقتصادی راہداری سمیت متعدد دیگر میگا پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے لیکن افسوس کہ عین اسی وقت چند مخالف سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ملک میں دھرنوں اور احتجاج کی سیاست شروع کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر الیکشن میں واضح کامیابی اور بعدازاں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نے ایک مرتبہ پھر عوام میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت اور اس کو دیئے گئے مینڈیٹ کو ثابت کر دیا ہے اور یہ کامیابیاں اس امر کا واضح اشارہ دے رہی ہیں کہ 2018کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن ) چاروں صوبوں سے واضح اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ ان دھرنوں اور احتجاج کرنے والوں کا واحد مقصد ترقی وخوشحالی کے سفر میں خلل ڈال کر مسلم لیگ(ن)کو 2018 کے انتخابات میں متوقع کامیابی سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام محمدنواز شریف کے وژن اور ملک کے ترقی سے متعلق ان کی سوچ سے پوری طرح تعاون کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف و دیگر مخالف سیاسی جماعتوں کے احتجاج کو یکسر مسترد کر دیاہے اور ان کے دھرنے اور ریلیوں میں عوام کی قلیل تعداد میں شرکت نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ عوام صرف ترقی وخوشحالی کے ساتھ ہیں، دھرنے اور احتجاج کرنے والے صرف اپنا اور قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں تاکہ عوام میں ان کو پذیرائی مل سکے۔

متعلقہ عنوان :