شہدا ء وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کی جانب سے ’’جانثاران پاکستان‘‘ مہم کا آغاز

جانثاران پاکستان‘‘ چلانے کا فیصلہ چوہدری شجاعت حسین ،چوہدری پرویز الٰہی اور سینیٹر مشاہد حسین سید کی ہدایت پر کیا گیا ہے، سید فرحان شاہ پاک افواج آج بھی ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے بچانے کے لیے نبرد آزماد ہے اور قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات یوتھ ونگ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) شہدا ء وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کی جانب سے ’’جانثاران پاکستان‘‘ مہم کا آغاز ہوگیا ہے ۔ہفتہ کو مہم کے تحت یوتھ ونگ کے آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں مسلم لیگ (ق)یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرحان علی شاہ اور دیگر رہنماؤں سمیت کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

’’جانثاران پاکستان‘‘ چلانے کا فیصلہ مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید کی ہدایت پر کیا گیا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فرحان علی شاہ نے کہا کہ ماہ اگست میں ’’میری پہچان پاکستان‘‘ کے ذریعہ ہم نے اکابرین وطن کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا تھا اور ملک بھر میں ہماری اس مہم کو بھرپور عوامی پذیرائی ملی تھی ۔

(جاری ہے)

مرکزی قیادت کی ہدایت پر اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے اب ماہ ستمبر میں ’’جانثاران پاکستان‘‘ مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965میں بھارت نے پاکستان کو ترنوالہ سمجھتے ہوئے اس پر حملہ کرنے کی ناپاک جسارت کی تھی جسے ہماری بہاد ر افواج نے ناکام بنادیا تھا ۔ہم اپنی اس مہم کے ذریعہ ان شہدا وطن کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا ۔

شہدا وطن ملک کے حقیقی ہیرو ہیں ۔قوم خصوصاً نوجوان نسل کو ان کی قربانیوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور’’ جانثاران پاکستان‘‘ مہم کے ذریعہ ملک بھر میں تقریبات منعقد کرکے ہم اپنے شہداء کے کارناموں سے نوجوان نسل کو آگاہ کریں گے ۔فرحان علی شاہ نے کہا کہ پاک افواج آج بھی ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے بچانے کے لیے نبرد آزماد ہے اور قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جانثاران پاکستان مہم کے حوالے سے کارکنوں کا جذبہ قابل دید ہے ۔ہم کارکنوں کے جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔کارکنوں کی انتھک محنت کے باعث ’’میری پہچان پاکستان‘‘ مہم کے بعد ’’جانثاران پاکستان‘‘مہم ایک سنگ میل ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ’’ جانثاران پاکستان‘‘ مہم کوپارٹی کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی ،مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹرمشاہد حسین سید اور چوہدری شافع حسین کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے ۔یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں مرکزی قیادت بھی شرکت کرے گی ۔