1223 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا حامل کمبائنڈ سائیکل بلوکی پاور پلانٹ جنوری 2018ء میں پیداوار شروع کر دیگا‘ انجینئر محمد اسلم بٹ

منصوبہ پر 50 فیصد سول ورک جبکہ الیکٹرو مکینیکل سمیت مجموعی طور پر 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ، جدید ترین مشینری کی بدولت ماحول دوست ہونے کے ساتھ 61.6 فیصد صلا حیت کے ساتھ کم سے کم ایندھن میں زیادہ سے زیادہ بجلی بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ قائمقام جنرل منیجر پراجیکٹ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) بجلی کی 1223 میگا واٹ پیداواری صلاحیت اور جدید ترین نائن ایچ گیس ٹربائین ٹیکنالوجی کا حامل کمبائنڈ سائیکل بلوکی پاور پلانٹ جنوری 2018ء میں تکمیل کے بعد پوری استعداد کے ساتھ پیداوار شروع کر دے گا‘ منصوبہ پر سول ورک 50 فیصدجبکہ الیکٹرو مکینیکل سمیت مجموعی طور پر 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، پلانٹ تک گیس پائپ لائن بچھانے کا کام جلد مکمل ہوجائے گا،منصوبہ جدید ترین مشینری کی بدولت ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ61.6 فیصد صلاحیت کے ساتھ کم سے کم ایندھن میں زیادہ سے زیادہ بجلی بنائیگا۔

بلوکی پاور پلانٹ کے قائم مقام جنرل منیجر پراجیکٹ انجینئر محمد اسلم بٹ نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمبائنڈ سائیکل بلوکی پاور پلانٹ کا پہلا مرحلہ اگست 2017ء میں مکمل ہو گا، اور قومی گرڈ کو 386.5 میگا واٹ بجلی کی ترسیلشروع ہو جائیگی جبکہ اس کی تکمیل جنوری 2018ء میں ہو گی، جب پاور پلانٹ اپنی پوری استعداد 1223 میگا واٹ کے ساتھ آپریشنل ہو جائے گا جس سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آئے گی، انہوں نے بتایا کہ پلانٹ پر 50 فیصد سول ورک مکمل ہو چکا ہے‘ جدید ترین نائن ایج گیس ٹربائین ٹیکنالوجی کا حامل یہ پاور پلانٹ کمبائنڈ سائیکل ہے جو گیس اور ڈیزل دونوں سے چلایا جاسکتا ہے. انہوں نے کہا کہ پلانٹ کی تنصیب دوست ملک چین کی ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی اور حبیب رفیق پرائیویٹ لمیٹڈ کے جوائنٹ وینچر کے تحت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام جنرل منیجر پراجیکٹ نے بتایا کہ پاور پلانٹ پر دن رات کام جاری ہے جبکہ سائٹ پر2160 ورکرز، 280 انجینئرز و سپروائزر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے شروع میں ماحول دوست منصوبہ پر فاسٹ ٹریک پر کام کا آغاز کیا گیا، پلانٹ 168 ایکڑ رقبہ پر محیط ہے جس میں 132 ایکڑ پلانٹ ایریا شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوئچ یارڈ ایریا‘ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ،سنٹرل کنٹرول روم‘ فیول ٹینکس‘ کولنگ ٹاور‘ گیس ٹربائنز‘ سٹیم ٹربائن‘ بوائلر اور مکینیکل سروسز بلڈنگ پر کام تیزی سے جاری ہے، 500 کے وی کے سوئچ یارڈ کے ذریعے بجلی کی پیداوار ٹرانسفر کی جائیگی‘ سرفراز نگر کے قریب 500 کے وی کا گرڈ سٹیشن بنایا جارہا ہے‘ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی گرڈ سٹیشن سے منسلک ہو کر قومی گرڈ میں شامل ہو جائیگی، انہوں نے کہا کہ پلانٹ پر بین الاقوامی معیار کا آگ بجھانے کا نظام نصب ہو گا جبکہ ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ کا پورا نظام موجود ہے، انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن سے قبل پلانٹ پر ڈی واٹرنگ کا بندوبست کرلیا گیا تھا جس کی وجہ سے کام میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی، پلانٹ میں گیس کی فراہمی کیلئے ایس این جی پی ایل کی جانب سے پائپ لائن بچھا ئی جارہی ہے جو جلد مکمل ہو جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ پلانٹ پر فیول سٹوریج کیلئے 40000 کیوبک میٹرکے دو ٹینک بنائے جارہے ہیں . ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کے پراجیکٹ منیجر فینگ زینیونے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلانٹ پاک چین دوستی کی زندہ مثال ہے جس پر چینی انجینئرز اور ورکرز دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پلانٹ پر جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے جو دنیا میں بہترین استعداد کی حامل ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں پلانٹ پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ حبیب رفیق پرائیویٹ لمیٹڈ کے پراجیکٹ منیجر فرخ علوی نے کہا کہ پلانٹ پر سول ورکس تیزی سے جاری ہے جو 4 سے 5 ماہ میں کافی حد تک مکمل ہو جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے نومبر 2015ء میں پلانٹ کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد پلانٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے دن رات کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلانٹ پر چینی انجینئرز‘ ورکرز سمیت پاکستانیوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :