حبیب گرلز اسکول میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تدابیر سے آگاہی کا عملی مظاہرہ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) اسپیشل سیکورٹی یونٹ سندھ پولیس کی جانب سے حبیب گرلز اسکول گارڈن میں ہفتہ کو ایک روزہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو دہشت گردوں کی جانب سے کسی بھی خطرناک کاروائی کرنے کی صورت میں محفوظ رہنے کے لئے مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ایس ایس یو کے کمانڈوزبشمول خواتین نے عملی مشقوں کا بھی مظاہرہ کیا جس میں بتایا گیا کہ بم دھماکوں یا دہشت گردوں کے حملوں کی صورت میں اپنے اوراطراف میں لوگوں کی جان و مال کو کس طرح محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

تربیتی کورس کے دوران اچانک ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کا عملی مظاہر ہ بھی کیا گیا۔محمد مظفر اقبال سیکیورٹی آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ ایس ایس یو کی جانب سے مختلف شبعہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اساتذہ،طالبعلموں،سرکاری ملازمین،نجی اداروں کے اراکین، وکلاء، ڈاکٹرزاور صحافیوں کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا جس کے تحت مختلف ہتھیاروں کے بارے میں معلوما ت کی فراہمی ، ہنگامی صورتحال کے دوران رویہ اورمختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ جدید تربیت یافتہ ایس ایس یو کمانڈوز عوام کی جان ومال کی حفاظت کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں ۔یہ صریع الحرکت ٹیم چوبیس گھنٹے کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔اساتذہ ، طالب علموں اور اسکول کے دیگر عملہ کی بڑی تعداد نے خطرات سے نمٹنے کے آگاہی پروگرام میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔