وزارت سمندر پار پاکستانی سکائپ کے ذریعے تارکین وطن کی شکایات کی سماعت کے انتظامات 9 ستمبر تک مکمل کر لے گی

سینئر مشیر و شکایات کمشنر برائے تارکین وطن حافظ احسان احمد کھوکھر کی ”اے پی پی“ سے بات چیت

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:19

اسلام آباد ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3 ستمبر ۔2016ء) وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں سکائپ کے ذریعے تارکین وطن کی شکایات کی سماعت کیلئے تمام ضروری انتظامات 9 ستمبر تک مکمل کر لے گی۔ سینئر مشیر و شکایات کمشنر برائے تارکین وطن حافظ احسان احمد کھوکھر نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت ان ممالک میں مقیم تارکین وطن کیلئے فراہم کی جائے گی جہاں ایک لاکھ سے زائد تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں۔

سکائپ کے ذریعے شکایات ان ممالک سے کی جائے گی جہاں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کم از کم مدت میں شکایات کے ازالہ کیلئے تعینات کئے گئے تھے۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کو ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ اپنے تعیناتی ممالک میں مقیم تارکین وطن سے شکایات موصول کرکے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو ارسال کریں جہاں سے یہ شکایات متعلقہ محکموں اور شعبوں کو 15 یوم میں نمٹانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سکائپ پر شکایات کی سماعت کیلئے تاریخ اور وقت کے تعین کا فیصلہ کیا جائے اور تمام متعلقہ محکموں کے حکام کو سماعت کے موقع پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ بلایا جائے گا۔ حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سکائپ کے ذریعے شکایات کی سماعت کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 40 محکمہ جات کو اعتماد میں لیا گیا ہے تاکہ فوری طور پر ان شکایات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سکائپ استعمال کرتے ہوئے رابطہ کرنا اور تارکین وطن کی شکایات سننا ایک موٴثر اقدام ہو گا جس کے ذریعے لاگت بھی کم آئے گی اور شکایات ازالہ کے عمل میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن کے ان غیر ضروری اخراجات اور وقت کے ضیاع کی بھی روک تھام ممکن ہو گی جو انہیں بعض عام درپیش مسائل کے حل کیلئے خرچ کرنا پڑتے تھے۔

متعلقہ عنوان :