وفاقی دارالحکومت میں انسداد ڈینگی مہم عید قرباں کے بعد شروع ہو گی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:19

اسلام آباد ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3 ستمبر ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم عید قرباں کے بعد شروع ہو گی، اس ضمن میں تمام تر تیاریاں مکل کر لی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے ستمبر کے پہلے ہفتہ سے انسداد دینگی مہم کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اس حوالہ سے تیاریاں مکمل ہیں تاہم عید کے بعد ایک جامع مہم شروع ہو گی اور ڈینگی لاروے کو تلف کرنے کیلئے فیومی گیشن اور سپرے کرنے کے علاوہ شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ممکنہ مقامات اور متاثرہ ایریاز کا سروے ہو گا اور نشاندہی کی جائے گی تاکہ لاروے کو تلف کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اس دوران ٹائر فروخت کرنے والوں کی دکانوں اور ورکشاپس کا بھی معائنہ کیا جائے گا اور پرانے ٹائروں کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات میں کوتاہی برتنے والے لوگوں کو بھی جرمانے کئے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارش کے پانی کو کھڑا نہ رہنے دیں اور پرانا سامان جس میں بارش کا پانی کھڑا رہ سکتا ہے کیونکہ اس میں ڈینگی کا لاروا افزائش پا سکتا ہے۔ فیومی گیشن اور سپرے ٹیموں کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ اس حوالہ سے ڈینگی کے انسداد کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ہر ممکن آگاہی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :