ٹنڈوآدم، ہنگامی بنیادوں پر کچرے کے ڈھیر اٹھانے اور صحت و صفائی کا کام شروع کردیاگیا

انشا ء اللہ عیدالاضحی سے قبل شہریوں کو گندگی و غلاظت سے پاک ٹنڈوآدم کا تحفہ دیں گے اور صحت مند صاف ستھرا ماحول فراہم کریں گے، چیئرمین بلدیہ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:01

ٹنڈوآدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء)چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری نے کہاہے کہ ہنگامی بنیادوں پر کچرے کے ڈھیر اٹھانے اور صحت و صفائی کا کام شروع کردیاگیاہے۔عیدالاضحی سے قبل شہر کو گندگی و غلاظت سے پاک کردیں گے۔صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے مسرور احسن غوری نے کہاکہ شہر میں بے تحاشہ گندگی اورشہریوں کی جانب سے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر جمع ہونے کی مسلسل شکایات کا نوٹس لیکر شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر گندگی اور کچرے کے ڈھیر صاف کروانے کا کام شروع کردیاگیاہے جس کی نگرانی میں خود کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ انشا ء اللہ ہم عیدالاضحی سے قبل شہریوں کو گندگی و غلاظت سے پاک ٹنڈوآدم کا تحفہ دیں گے اور صحت مند صاف ستھرا ماحول فراہم کریں گے انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہنگامی صفائی مہم میں بلدیہ کے عملے سے مکمل تعاون کریں اور کچرا محلوں اورسڑکوں پر نہ پھینکیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شہریوں نے چیئرمین بلدیہ کے اس عمل کو بے حد سراہا ہے۔

واضح رہے کہ ایک طویل عرصے سے ٹنڈوآدم شہر کے وسطی اور مرکزی علاقوں سمیت تمام علاقوں اور محلوں میں گندگی کچرے اور غلاظت کے ڈھیر جمع تھے جبکہ جگہ جگہ سوریج کا پانی کھڑا تھا جس سے لوگ سخت پریشان تھے نو منتخب چیئرمین مسرو ر احسن غوری نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اس دیرینہ مسئلہ پر فوری توجہ دی اور بلدیہ ٹنڈوآدم کے صحت و صفائی کے عملے اور دستیاب مشینری کے ذریعے شہر کو صاف کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔