محکمہ پولیس کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو عوامی خدمت کے تناظر میں انجام دینا نا صرف قانونی تقاضا ہے، آئی جی سندھ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 16:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) آئی جی سندھ پولیس اللہ ڈنوخواجہ نے کہاہے کہ محکمہ پولیس کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو عین عوامی خدمت کے تناظر میں انجام دینا نا صرف قانونی تقاضہ ہے بلکہ بحیثیت پولیس افسر آپ کے فرائض منصبی میں انتہائی اہمیت کا حامل بھی ہے،محکمہ پولیس کو عوام کی خواہشات اور امنگوں کا ترجمان بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پولیس پر عوام کے اعتماد کو مذید مضبوط بنایا جائے جس سے بلا شبہ پولیس کی مجموعی کارکردگی ناصرف بہتر ہوگی بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان دوستانہ ماحول کو بھی فروغ ملے گا۔

۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ترقی پانے والے ڈی ایس پیز و دیگر پولیس افسران اور جوانوں سے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک دربار سے خطاب کے دوران کہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر, ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثنا ُاللہ عباسی, ایڈیشنل آئی جی کرائم عبدالعلیم جعفری ،ڈ ی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ منیر شیخ, زونل ڈی آئی جیزکراچی و دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔

آئی جی سندھ نے ترقی پانے والے ڈی ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ ایک نئے حوصلے اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے اور پولیس کے مجموعی امور انتہائی محنت لگن جانفشانی اور غیر جانبداری سے انجام دیتے ہوئے اس عہدے پر اپنی پشہ ورانہ صلاحیتوں اور اہلیت کو ثابت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں متعارف کردہ اصلاحات اور تطہیری عمل سے پولیسنگ کا معیار بہتری کی جانب گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں مذید بہتری یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کسی بھی صورت ناقابل درگذر ہے شکایات کے مرتکب ٹھرائے جانے والے افسران و جوان ناصرف انضباطی کاروائیوں کی زد میں آئیں گے بلکہ ان کے خلاف قانونی کاروائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کے معیار میں فی زمانہ جدت لانے کے لیے اور پولیس کی فلاح وبہبود جیسے اقدامات کو ناصرف دستیاب وسائل کے تحت مذید بہتری لائی جارہی ہے بلکہ اس حوالے سے درکار وسائل کے حوالے سے قابل عمل دستاویزی امور پر مشتمل سفارشات بھی حکومت سندھ کو برائے منظوری وتوثیقی اقدامات ارسال کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت آئی جی سندھ پولیس کو ایک مستعد اور ناقابل شکست فورس بنانا اور اس کے جملہ امور کو غیر جانبدار و عوام دوست بنانا میرا مقصد ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ اس مقصد کی تکمیل میں پولیس اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کی بدولت ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :