نواز شریف کرپشن کے سوال پر طوطا مینا کی کہانی شروع کر دیتے ہیں ،پانامہ لیکس سے نکل گئے تو مزیدادارے تباہ کرینگے ‘عمران خان

ہفتہ 3 ستمبر 2016 16:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کرپشن کے سوال پر طوطا مینا کی کہانی شروع کر دیتے ہیں ، پانامہ لیکس سے نکل گئے تو مزیدادارے تباہ کریں گے ،اگلا الیکشن بھی خریدیں گے ،وہ اپنا پیشہ بچانے کیلئے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، ان کا مقصد پاکستان کی بہتری نہیں اپنے لیے فائدہ اٹھانا اور پیسہ کماناہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب مارچ میں شرکت کے لئے اپنی رہائشگاہ زمان پارک سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین م،عبدالعلیم خان اور اسد عمر سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے راستوں پر کنٹینرز رکھ کر تاخیری حربے استعمال کیے گئے جس کی وجہ سے ہمارے قافلوں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

لیکن لوگوں کوظلم کے سامنے کھڑاہونا آتاہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی ملک کا وزیر اعظم کرپشن کرتا ہے توپو رے ملک کو تباہ کر دیتا ہے ،پانچ مہینے سے جواب مانگ رہے ہیں ، وزیر اعظم بتائیں کہ برطانیہ میں اربوں کی جائیداد کیسے بنائی لیکن جب بھی ان سے ان کی کرپشن کے متعلق پو چھا جائے تو وہ طوطامینا کی کہانی شروع کر دیتے ہیں ، وزیر اعظم کے درباری کہتے ہیں کہ پاکستان میں سارے کے سارے کرپٹ ہیں ،اگر نواز شریف پانامہ لیکس سے نکل گیا تو پھر یہ ملک کے مزید ادارے تباہ کر ے گاا ور انتخابات جیتنے کیلئے ہر قسم کی دھاندلی کر ے گاجو پیسا چوری کیا ہوا ہے وہ الیکشن پر لگائے گا اور ہر صورت الیکشن جیتے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سرکاری احتسابی ادارے تباہ ہو چکے ہیں، ایف بی آر، نیب اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کوئی ساکھ نہیں رہی۔ نوازشریف نے عدالتوں پر حملہ کروایا ، جمہوریت میں کبھی بھی ایسا نہیں ہوتا ۔ ان کا مقصدصرف پیسہ بنانا ہے ،پیسہ چوری کر کے باہرلے جا تے ہیں اورلو گوں کو کہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کا ری کر و،یہ سمجھتے ہیں کہ ہم پانامہ لیکس کو بھول جائیں گے لیکن ہم بھولنے والے نہیں ہیں ۔