مقبوضہ کشمیر 56روز کے دوران 200 افراد پر کالا قانون پی ایس اے لاگوکیا گیا، 2ہزار سے زائد گرفتار کر لیے گئے

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے گزشتہ 56روز کے دوران 200سے زائد افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جبکہ 2ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے شائع ہونے والے ایک اردوروز نامے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس نے مقبوضہ وادی میں احتجاجی لہر کا توڑ کرنے کیلئے جو حکمت عملی مرتب کی ہے اس کے تحت نہ صرف بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی جائیں گی بلکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا جائے گا ۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے وادی کے مختلف تھانوں میں جومقدمات درج کئے ہیں ان میں ریاستی ملازمین کی بھی ایک بڑی تعداد کی بھی ملوث کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت تھانوں میں1700سے زائد ایف آئی آر درج کئے جاچکے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک2ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ گرفتاریوں کا یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس کی جانب سے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اومقبوضہ وادی میں اب تک ایسے 200سرکاری ملازمین کی نشاندہی کی ہے جو احتجاج میں شامل رہے ہیں۔

ان میں سر فہرست محکمہ تعلیم ہے جس میں قریب 40اساتذہ کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔یاد رہے کہ پبلک سیفٹی ایکٹ ایک ایسا قانون ہے جسکے تحت کسی بھی شخص کوبغیر مقدمہ چلائے دو برس تک جیل میں رکھا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :