مقبوضہ کشمیر، بھارت انتفادہ کو دبانے کیلئے مزید ساڑے چھ کروڑ پیلٹ کارتوس فورسز کے حوالے کرے گا ‘ حریت کانفرنس کا اظہار تشویش

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے انتفادہ کو دبانے کیلئے مزید ساڑے چھ کروڑ پیلٹ کارتوس مقبوضہ علاقے بھی بھیجے جانے کے بھارتی منصوبے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز نے گزشتہ57روز کے دوران 88بے گناہ کشمیریوں کو شہید جبکہ ہزاروں کو زخمی کر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ پیلٹ لگنے سے شہید اور زخمی ہوئے ‘ سینکڑوں لوگوں پیٹ لگنے سے عمر بھر کیلئے بصارت سے محروم ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر قتل عام اور سفاکیت کے باوجود بھارت اور اسکی کٹھ پتلیوں کا جی نہیں بھر ا ہے اورانکی طرف سے مزید کروڑوں پیلٹ کارتوس فورسز کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی موجودہ بھارتی حکومت نے گجرات سے لیکر مظفر نگر اور ڈوڈہ اور کشتواڑ سے لیکر کیرن و کرناہ تک اپنی سنگ دلی کے نقوش چھوڑے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دیگر حکام عالمی برادی کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے مقبوضہ علاقے کا دورہ کرتے ہیں جبکہ مقبوضہ علاقے میں انکے کٹھ پتلی بھی اپنے بیانات کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ بھارتی حکمرانوں کو کشمیریوں کا دکھ درد یہاں کھینچ لاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارتی حکمرانوں اپنی فورسز کا مورال قائم رکھنے کے لیے علاقے کا دورہ کرتے ہیں ۔

ترجمان نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے ہی اپنے حالیہ دورے کے دوران ساڑ ے چھ کروڑ پیلٹ کارتوس منگوانے کے احکامات دیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو محض کشمیرکی زمین سے غرض ہے، اسے بے گناہ کشمیریوں کے قتل سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ کشمیریوں کی نئی نسل کو ختم اور اسے زندگی بھر کے لیے معذور بنانے کیلئے فوجی کارگو جہازوں کے ذریعے مہلک اسلحہ اور گولہ بارود مقبوضہ علاقے میں بھیج رہا ہے ۔