ماضی کی حکومتیں جواب دیں ، ملک کو اندھیروں میں کیوں دھکیلا ؟ وزیر اعظم نواز شریف

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:24

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتیں جواب دیں ، ملک کو اندھیروں میں کیوں دھکیلا ؟ کوئلے کے ذخائر سے استفادہ نہ کر نا بد قسمتی ہے ‘2018لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہوگا ‘ملک میں امن کاماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں ‘ دہشت گرد آسان ہدف کو نشانہ بنارہے ہیں ‘کراچی کی بدامنی کی صورتحال کو تبدیل کیا، کھوئی ہوئی روشنیاں واپس آئیں گی ۔

ہفتہ کو فیصل آباد میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے، پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری پردل خوش ہوتا ہے ‘2 سے 3 سال پہلے پاکستان میں کسی شعبے کیلئے بجلی نہ تھی تاہم ملک میں 3 سال میں بہت تبدیلی آئی ‘ بجلی کے بحران پا قابو پار ہے ہیں، ملک کے کوئلے کے ذخائرسے استفادہ نہ کرنا بدقسمتی ہے ‘2017 میں بجلی کی پیداوارمزید بہترہوگی ، 2018 میں لوڈ شیڈنگ صرف ختم ہی نہیں بلکہ بجلی سستی بھی کریں گے، ہمارا مقصد صرف بجلی بحران پرقابو پانا نہیں، بجلی سستی کرنا بھی ہیکیونکہ اس سے ملکی برآمدات اور ریونیو بڑھے گا جس سے ترقی ہوگی اور بے روزگاری و غریب کا خاتمہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ چند برس پہلے بجلی کو ترستے تھے، آج فیصل آباد ہی نہیں، ملک بھر کی انڈسٹری کو بغیر رکاوٹ بجلی مل رہی ہے،نجی اور سرکاری شعبے میں سرمایہ کاری سے مطمئن ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے موٹروے جہاں چھوڑی ہمارے آنے تک وہیں تھی، اوراب نامکمل موٹرویزکوہم مکمل کریں گے ‘ سکھرسے حیدرآباد تک رہ جانے والاموٹروے سیکشن بھی اگلے سال شروع ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک کی انڈسٹری کو بجلی اورگیس بلاتعطل مل رہی ہے، ملک میں وافراورسستی بجلی مہیا کرناچاہتے ہیں، بجلی کی قلت کیلئے ماضی میں کچھ نہیں کیا گیا، ماضی میں ملک کو اندھیروں کی طرف دکھیلا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ 1999 میں جنوبی ایشیا میں سب سے آگے ہم تھے، ترقی کا الٹا سفرہماری بدقسمتی رہی ہے، ہم واپس آئے توملک بہت پیچھے تھا اب صورتحال بدل رہی ہے اور بجلی کے کارخانے درجنوں مقامات پرلگ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اورمعیشت کی بحالی کی جنگ لڑرہے ہیں، ملک کے عدم استحکام نے ہمارا راستہ روکا تاہم اب صورتحال بدل رہی ہے۔ مردان میں دہشت گردوں نے امن خراب کی کوشش کی، دشمن اب بھی چھوٹے موٹے حملے کررہاہے جس کا خاتمہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بدامنی کی صورتحال کو تبدیل کیا، کھوئی ہوئی روشنیاں واپس آئیں گی جبکہ شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال بہتر کر رہے ہیں اور کراچی میں عام آدمی کا معیارزندگی بہتربنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں 40نئے ہسپتال بنانے کیلئے کام شروع کردیا۔اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف نے فیصل آباد میں کول پاور پلانٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا جو ساڑھے 3 ارب روپے کی لاگت سے سوا 2 سال میں مکمل ہوا، کوئلے سے چلنے والا بجلی گھرصنعتی شعبے میں بڑا اورمنفرد منصوبہ ہے جس سے 40 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیر اعظم نے قومی ائیر لائن کے حوالے کہا کہ پی آئی اے کودنیا کی بہترین ایئرلائن بنائیں گے جبکہ پی آئی اے میں بہت بہتری آچکی ہے ‘ادارے بہترہورہے ہیں جبکہ ریلوے کی صورتحال بہترہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :