کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ماڑی پور میں کالعدم تنظیم کا دہشتگرد مارا گیا۔ لیاری سے گینگ وار کے 3 ملزمان دھر لئے گئے جبکہ نیو کراچی اور درخشاں سے 4 ملزمان پکڑے گئے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے ماڑی پور میں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹیڈ کارروائی کی، کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد زخمی ہوگیا جو اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا، دہشتگرد کی شناخت عبدالرحمان عرف مفتی کے نام سے ہوئی، ہلاک دہشتگرد کا تعلق کالعدم جند اللہ سے ہے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کے دوران گینگ وار کے 3 ملزمان گرفتار کر لئے، ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق عذیر بلوچ گروپ سے ہے، ملزمان میں سمیر عرف کوڈو، منور بلوچ اور احمد فراز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر نیوکراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم محمود اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہے جبکہ فیصل کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ درخشاں پولیس نے کارروائی کے بعد موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے 2 کارندے گرفتار کرلئے، ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :