تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں قانون کی حکمرانی اورانصاف کی بالادستی قائم کریں گے‘راجہ فاروق حیدر

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں قانون کی حکمرانی اورانصاف کی بالادستی قائم کریں گے ،بے سہارا مظلوم عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کریں گے ۔ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر عہد کیا ہے کہ ہمیشہ انصاف اور مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گا۔

ماضی کی نا انصافیوں کا ازالہ کرتے ہوئے گڈ گورننس قائم کر کے رہوں گا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی تحریک آزادی ، عوام کی ترقی ،خطے کی خوشحالی اور گڈ گورننس کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے اپنا کام شروع کر دیا ہے ، آزاد خطہ میں عوام خوشحالی تبدیلیاں محسوس کریں گے۔

(جاری ہے)

وکلاء کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ، خواتین اور بچوں پر بھارتی مظالم ،درندگی ، کرفیو ،ادویات اور اجناس کی قلت کے حوالہ سے اقوام عالم کی آگاہی کیلئے موثر کر دار ادا کرے ۔

وزیر اعظم یہاں وزیر اعظم سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کرائسز مینجمنٹ آرگنائزیشن کی خواتین وکلاء کے وفد سے بات چیت کررہے تھے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں اور بچوں پر مظالم کر کے بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے جو مہذب دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی انقلاب انگیز جدوجہد کا راستہ روکنا اب بھارت کے قابض و غاصب حکمرانوں کے لئے ممکن نہیں رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے جاری جدوجہد میں دو نسلوں کی قربانی دی ،کشمیر ی شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جا سکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی دروازہ کھٹکھٹائے گی اور بھارت کو عالمی سطح پر ایکسپوز کرکے رہے گی تاکہ مہذب دنیا بھارت کا اصل روپ دیکھ سکے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر کوئی کیس ہی نہیں اس نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے ۔ بھارت کے اس جابرانہ تسلط کے خاتمے تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد کا راستہ نہیں روکا جا سکتا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے تحریک آزادی کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے پارلیمانی وفود بھیجنے کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان وفود میں کشمیر یوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرپٹ سسٹم کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کریں گے ۔ عوام کو گڈ گورننس فراہم کریں گے اور آزاد کشمیر میں انصاف پر مبنی ،کرپشن فری معاشرہ قائم کر کے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :