”چارلی ہیبڈو“ میں اٹلی میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کے خاکے شائع ہونے پر اٹلی میں غم وغصے کا اظہار

اطالوی زلزلے سے متاثرہ افراد کے خاکوں کی اشاعت ناخوشگوار واقعہ ہے ،اطالوی وزیر انصاف

ہفتہ 3 ستمبر 2016 14:54

روم ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 ستمبر۔2016ء) فرانسیسی میگزین”چارلی ہیبڈو“ میں اٹلی میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کے خاکے شائع ہونے پر اٹلی میں غم وغصے کا اظہارکیا جارہا ہے ۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق اطالوی وزیر انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میگزین کی جانب سے اطالوی زلزلے سے متاثرہ افراد کے خاکوں کی اشاعت ناخوشگوار واقعہ ہے ۔

اخبار میں خاکوں کی اشاعت کے بعد سماجی میل جول کی ویب سائٹ پرشہریوں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہارکیا جارہا ہے ۔ اطالوی وزیر انصاف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فی الوقت وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے تاہم وہ اتنا ضرور کہہ سکتے ہیں کہ اس کے اچھے اثرات سامنے نہیں آئیں گے اور اس سے ایک سکینڈل سامنے آسکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ24 اگست کو اٹلی میں زلزلے سے 300 کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اٹلی کی سینیٹ میں قائد ایوان پیٹرو گراسو نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ آزادی اظہار کے حق کا دفاع کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود وہ سمجھتے ہیں کہ چارلی ہیبڈو کا یہ اقدام گھناؤنا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال جنوری میں پیرس میں چارلی ہیبڈو کے دفتر پرشدت پسندوں کے حملے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوگئے تھے ۔ اس میگزین میں قبل ازیں توہین آمیز خاکے شائع ہوئے تھے۔ دریں اثناء روم میں فرانسیسی سفارتخانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چارلی ہیبڈومیں شائع ہونے والے خاکوں کافرانس کی حکومت اورعوام کے موقف کی عکاسی نہیں ہوتی۔

متعلقہ عنوان :