جی 20سربراہی اجلاس ، مودی چینی صدر سے ملاقات میں سی پیک پر تحفظات سے آگاہ کریں گے ،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 14:09

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 ستمبر۔2016ء) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی چین کے شہر ہانگ جو میں ہونے والی جی 20سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر تحفظات بارے بات کریں گے ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ہانگ جو میں ہونے والے جی 20سربراہی اجلاس کے پہلے روز وزیراعظم نریندر مودی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سمیت دیگر مسائل پر دوطرفہ اختلافات پر بات چیت کیے جانے کا امکان ہے ۔

رواں ماہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ بھارت کے دوران بھارت اور چین نے سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر اور چینی نائب وزیر خارجہ کی قیادت میں اپنے اختلافات کو حل کرنے کے لئے ایک طریقہ کار تشکیل دیا تھا ۔وزیراعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے دوران تین ماہ کے دوران یہ دوسری ملاقات ہوگی جو چار ستمبر کی صبح متوقع ہے ۔ اس سے قبل نریندر مودی اور شی جن پنگ کے درمیان 23جون کو تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی ۔