پانچ دنوں میں 14 ہزار مہاجرین بچالیے گئے ، اٹلی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 13:05

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) اطالوی کوسٹ گارڈ نے کہاہے کہ بحیرہ روم میں لیبیا کی سمندری علاقے میں مزید 17 سو 25 مہاجرین کو بچایا گیا۔ اس طرح اتوار سے اب تک بچائے جانے والے مہاجرین کی تعداد 14 ہزار ہو چکی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اطالوی کوسٹ گارڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ مہاجرین سے کچھا کچھ بھری 16 چھوٹی کشتیوں کو سمندری لہروں کی نذر ہونے سے بچا لیا گیا۔

کوسٹ گارڈ کے مطابق یہ کشتیاں 17 سو سے زائد مہاجرین کو لے کر بحیرہ روم عبور کر کے یورپ پہنچنے کی کوشش میں تھیں اور خطرات تھے کہ سمندری لہریں ان کشتیوں کو ڈبو دیں گی۔بتایا گیا ہے کہ ان کشتیوں پر موجود مہاجرین کو ریسکیو کرنے میں اطالوی کاسٹ گارڈ اور بحریہ کے جہازوں کے ساتھ ساتھ انسانی ٹریفیکنگ کے انسداد کے بحری مشن ’صوفیہ‘ کی کشتیوں نے بھی حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اطالوی کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ ان تارکین وطن کو بچانے کی کارروائیوں میں متعدد بین الاقوامی امدادی تنظیمیں بھی پیش پیش رہیں۔اطالوی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ رواں برس اب تک مختلف مراکز میں اس وقت ایک لاکھ 48 ہزار مہاجرین موجود ہیں، جب کہ گزشتہ پورے برس میں یہ تعداد ایک لاکھ تین ہزار اور سن 2014 میں یہ تعداد 66 ہزار رہی تھی۔حکام کا تاہم کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں غیرقانونی طور پر اٹلی پہنچنے والی تارکین وطن کی تعداد میں اضافے کے باوجود یہاں جنوری سے اب تک رجسٹرڈ مہاجرین کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار ایک سو 49 ہے، جو تقریبا گزشتہ برس جیسی ہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اٹلی پہنچنے والے زیادہ تر تارکین وطن کا تعلق افریقی صحرائی خطیسب صحارہ کے ممالک سے ہے۔

متعلقہ عنوان :