عراق میں اسلحہ ڈپو پر راکٹ حملہ،چاردھماکوں میں 15افرادہلاک ،50زخمی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 11:36

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) عراقی دارالحکومت بغداد کے مختلف حصوں میں ہونے والے متعدد حملوں میں پندرہ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔ان حملوں نے بغداد میں ایک بار پھر سلامتی کے اْن ناقص انتظامات کا پول کھول دیا ہے، جن کے باعث حال ہی میں اس شہر میں بڑے پیمانے پر دہشت پسندانہ کارروائیاں ہو چکی ہیں۔

ان میں جولائی میں تقریباً تین سو افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والا وہ ہولناک حملہ بھی شامل ہے، جس کا نشانہ ایک شاپنگ سنٹر بنا تھا۔امریکی ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ کم از کم تین راکٹ مشرقی بغداد میں جا کر گرے، جس کے باعث پانچ افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ علی الصبح کیے جانے والے اس حملے کا نشانہ اسلحے کا ایک ڈپو بنا۔

(جاری ہے)

مقامی آبادی کے مطابق یہ ہتھیار ایک طاقتور شیعہ ملیشیا عصائب اہل الحق کی ملکیت تھے اور جب یہ حملہ ہوا تو اس ملیشیا کے ارکان بھی وہاں موجود تھے۔

بغداد کے غزالیہ نامی علاقے میں سنی آبادی کی اکثریت ہے۔ پولیس کے مطابق وہاں ایک بازار میں ایک بم پھٹنے سے دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔وزارتِ داخلہ کے حکام نے بتایا کہ دو بم شہر کی پھلوں اور سبزیوں کی منڈیوں میں پھٹے۔ ان حملوں میں پانچ افراد ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے۔ ایک بم مغربی بغداد کے ایک کاروباری علاقے میں پھٹا، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔

یہ تمام معلومات ان اہلکاروں نے اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کیں کیونکہ اْنہیں پریس کے ساتھ بات چیت کی اجازت نہیں تھی۔ تاحال کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں شدت پسند ملیشیا داعش اکثر عراقی دارالحکومت کے شیعہ مراکز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے۔ ان حملوں میں جولائی میں شاپنگ سینٹر پر ہونے والا حملہ بھی شامل تھا۔

عراقی فوج داعش کو رمادی اور فلوجہ جیسے بڑے شہروں سے نکال چکی ہے اور اس سال کے آخر تک شدت پسند ملیشیا کے آخری گڑھ موصل کو بھی اپنے کنٹرول میں لانے کا عزم ظاہر کر چکی ہے۔ آج کل عراقی سکیورٹی فورسز کسی بڑے حملے سے پہلے موصل کے آس پاس مختلف طرح کے آپریشن کرنے میں مصروف ہیں، جن کا مقصد اْن راستوں پر کنٹرول حاصل کرنا ہے، جسے داعش کے جنگجو شہر میں جانے یا وہاں سے باہر نکلنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :