چائنا کے 22 رکنی وفد کا ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ، پیشہ وارانہ معیار کو سراہا

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء) ہنان ہواشن جنان سیکیورٹی کنسلٹنگ سروسز کے 22 رکنی چینی وفد بشمول معروف سیکیورٹی ماہرین اور سینئر ہنان گورنمنٹ سیکیورٹی اراکین نے سندھ پولیس میں بین الاقوامی معیار کی بہترین پولیس فورس قائم کرنے اور پولیس کمانڈوز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفد نے ان خیالات کا اظہار میڈم ینگ زیاؤکنگ کی سربراہی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمدنے مختلف شعبوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس یو میں پاکستان کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم قائم کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی ادارے UKAS برطانیہ کی جانب سے ایس ایس یو کی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی آپریشنز ، اہم تنصیبات واہم قومی وبیرونی شخصیات کو مؤثر حفاظتی سہولت فراہم کرنے پر آئی ایس او سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

ایس ایس یو ملک کا پہلا قانون نافذ کرنے والاا دارہ ہے جسے آئی ایس او سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔ وفد کے اراکین نے پولیس کمانڈوز کی انسداد دہشت گردی کے معیار کو دیکھتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ کمانڈنٹ نے بتایا کہ(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز جو کہ جدید اسلحہ و مواصلاتی نظام سے لیس ہیں چوبیس گھنٹے سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کی طرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیا ر رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو جدید تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ دہشت گردوں کی کسی بھی کارروائی کو بروقت ناکام بنا سکیں۔ وفد نے S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز کی فرضی مشقوں کا مظاہر ہ بھی دیکھا۔ بعد ازاں کمانڈنٹ ایس ایس یو نے وفد کی سربراہ کویونٹ کی شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :