صوبہ میں آبپاش زراعت کی استعدادکار بڑھانے کیلئے کھالوں کی اضافی پختگی کامنصوبہ شروع کر رہے ہیں،چوہدری عبدالحمید

رواں سال پنجاب کے مختلف اضلاع میں 550کھالوں کی 50فیصد تک اضافی پختگی کیلئے فنی ومالی معاونت فراہم کی جائے گی،ای ڈی او زراعت فیصل آباد

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 ستمبر ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کے تحت صوبہ میں آبپاش زراعت کی استعدادکار بڑھانے کیلئے کھالوں کی اضافی پختگی کامنصوبہ شروع کیاجارہا ہے جس کے تحت رواں سال کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں 550کھالوں کی 50فیصد تک اضافی پختگی کیلئے فنی ومالی معاونت فراہم کی جائے گی۔اس سلسلے میں ضلع فیصل آباد کے 22کھالہ جات کی پختگی کیلئے کاشتکاروں سے 10ستمبر تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے کھالوں کی پختگی کے منصوبے کے سلسلے میں شرائط وطریقہ کار کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت کھال کی مزید پختگی کاکام شروع کرنے سے پہلے یقینی بنایا جائے گا کہ پہلے سے تعمیر شدہ کھال کی مرمت ودرستگی ہوچکی ہے جبکہ صرف ان کھالوں کی ہی اضافی اصلاح وپختگی کی جائے گی جو پہلے سے کم از کم 20فیصد پختہ ہوچکے ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کھالوں کیلئے درکار تمام تعمیراتی سامان کاشتکار خودخریدیں گے جن کی کل لاگت حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ کاشتکار صرف راجوں اورمزدوروں کا خرچ برداشت کریں گے علاوہ ازیں بقیہ کچے کھال کی اصلاح کاشکارخودکریں گے۔انہوں نے بتایاکہ درخواست فارم متعلقہ ضلعی آفیسر/نائب ضلعی آفیسر(اصلاح آبپاشی)کے دفاتر سے مفت یا ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pkسے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ای ڈی او نے بتایا کہ مقررہ تعداد سے زیادہ درخواستوں کی وصولی کی صورت میں اگرضروری ہواتوقرعہ اندازی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :