ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود کی یونس عمر انسٹی ٹیوٹ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سیرف اطس سے ملاقات

دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون اور براہ راست عوامی رابطوں کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:30

اسلام آباد۔ 02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 ستمبر ۔2016ء) ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے انقرہ میں یونس عمر انسٹی ٹیوٹ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سیرف اطس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون اور براہ راست عوام کے رابطوں کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی سفیر سہیل محمود نے پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے 2015-16ء میں ثقافتی، سفارتکاری اور عوامی رابطوں کے حوالہ سے منعقدہ تقریبات کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف سے اس موقع پر پاکستان میں یونس عمر کلچر سنٹر کے قیام کے سلسلہ میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر سیرف اطس نے کہا کہ پاکستان میں قائم ہونے والے اس ثقافتی مرکز میں ترکی اور ترکوں کے کلچر سے متعلق ایک ہی جگہ پر معلومات کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ ملاقات میں مولانا جلال الدین رومی، علامہ محمد اقبال اور محمد عاکف ارسوئی کے حوالہ سے ترکی اور پاکستان کے عوام میں مشترکہ ثقافتی اثاثوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ فریقین میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ترکی اور پاکستان مشترکہ طور پر دونوں ممالک میں نمائشیں اور فنکاروں کے تبادلوں کے ذریعے ثقافتی رشتوں کو اورمضبوط کریں گے۔

متعلقہ عنوان :