تحریک کا مقصدکرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنا اور وزیراعظم کو احتساب پر مجبور کرنا ہے ‘نعیم الحق

تحریک انصاف تمام قانونی و آئینی آپشن کے ساتھ ساتھ عوامی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گی‘پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات صمصام بخاری نے پارٹی آفس میں 3 ستمبر پاکستان مارچ کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف لاہور میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کررہی ہے ،ہمارا احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہوگا، اس سے پہلے پشاور ، راولپنڈی اور جہلم میں بھرپور عوامی قو ت کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

اس تحریک کا مقصدکرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنا اور وزیراعظم کو احتساب پر مجبور کرنا ہے ۔ تحریک انصاف تمام قانونی و آئینی آپشن کے ساتھ ساتھ عوامی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گی۔ تحریک انصاف جلد وزیراعظم کے خلاف دوبارہ سپریم کورٹ میں رٹ دائردرخواست کی پوری طرح پیروی کریں گے ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا میں شفافیت اور خدمت کا اعلیٰ معیار قائم کریں گے اور آئندہ انتخابات میں حکمرانوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے ۔

فاروق ستار سمیت متحدہ قومی موومنت کے بیشتر رہنماء تیس سالوں سے کراچی میں الطاف حسین کے قتل عام کی حمایت کرتے آئے ہیں۔الطاف حسین سے محض اظہارلاتعلقی کافی نہیں فاروق ستار سمیت دیگر اراکین اسمبلی طور پرمستعفیٰ ہوجائیں ، کیونکہ وہ الطاف حسین کے ووٹو ں سے منتخب ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے احتساب کی راہ میں روڑے اٹکانا بند نہ کیا تو رائے ونڈ میں فیصلہ کن پڑاؤ ڈالیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کل لاہور میں تاریخی خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے، تحریک انصاف عدالتی جنگ لڑرہی ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ وزیراعظم کے خلاف ستمبر اور اکتوبر کے درمیان فیصلہ آجائے گا۔ نوازشریف آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن انہیں نااہل قرار دے ہمارے پاس نوازشریف کے خلاف ثبوت اور دستاویزات موجود ہیں جوکہ عدالتوں میں پیش کریں گے، دھاند لی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے آدھے وکیل صحیح نہیں سمجھتے۔

پی ٹی آئی تحریک قصاص کی مکمل حمایت اعلان کرتی ہے رانا ثناء اﷲ کادہشتگرد تنظیموں سے تعلق ہے وہ اپنے آپ کوان سے الگ کریں پھر انہیں پاکستانی سمجھیں گے وہ اپنے ایجنڈے پر کام کرتے ہیں ۔خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی سازش شامل ہے مردان دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،پی ٹی آئی کے بانی ارکان کادعویٰ کرنے والے حکومتی ایماء پر کررہے ہیں۔

دراصل وہ بانی ارکان نہیں انہیں کئی سال پہلے پارٹی سے نکال دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو جواب دینا ہوگا پانامہ لیکس کے بعد نوازشریف سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے ، وہ حقائق کوچھپانا چاہتے ہیں۔ جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنا تحریک انصاف کا جمہور ی اور آئینی حق ہے اگر نوازشریف نے تاریخ پے تاریخ لینے کی کوشش کی تو تحریک انصاف سخت مزاحمت کرے گی۔

حکومت اداروں پر اثر انداز ہورہی ہے ،الیکشن کمیشن کو جلد از جلد فیصلہ کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سپریم کورٹ کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ تحریک انصاف کی عوامی امنگوں کے مطابق سیاسی جدوجہد جاری رہے گی ۔بعدازاں ٹی وی چینلز کے بیوروچیف سے ملاقات کی ،پاکستان مارچ اور پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ نعیم الحق سے سپورٹس اینڈ کلچر کے آرگنائزر عمر خیام کی قیادت میں عہدیداران نے ملاقات کی ،سپورٹ اینڈکلچر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی تشکیل دیاگیا۔

متعلقہ عنوان :