Live Updates

لاہور پولیس نے تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے ہیں امین وینس

سکیورٹی پلان کے مطابق لاہور پولیس کے 5ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے‘سی سی پی او لاہو ر

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی کے لئے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے ہیں اور جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے ،سکیورٹی پلان کے مطابق لاہور پولیس کے 5ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے 8ایس پیز ، 20ڈی ایس پیز ، 72ایس ایچ اوز اور 200سے زائد اپر سبارڈینٹس بھی فرائض سرانجام دیں گے، پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے شرکاء شاہدرہ اور جی ٹی روڈ کی طرف سے بھی شہر میں داخل ہوں گے اور فیصل چوک مال روڈ پر مرکزی پنڈال بنا یا گیا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کی سنئیر قیادت سے ضابطہ اخلاق طے کر لیا گیاہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکن اس کی مکمل پابندی کریں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں حفاظتی انتظامات کو فول پر وف بنانے کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز،سراغ رساں کتے ، بیرئیرز ،خاردار تاریں وتمام دستیاب شدہ وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے ۔پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے لئے ایک ہزار سے زائد سول ڈیفنس کے رضاکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو1122و دیگر تمام اداروں کی مدد حاصل ہوگی ۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کل ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے سلسلہ میں مامور ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے انتہائی اہم اجلاس میں خطاب کے دوران کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ، چودھری سلطان ،ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی ، ایس پی ہیڈ کواٹر ز عمر سعید ، ایس پی سی آئی اے راجہ بشارت ، تمام ڈویژنل ایس پیز ، سرکل افسران ، ایس ایچ اوز ، ایڈمن افسران و دیگر اہلکارووں نے شرکت کی ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ آج ضلع کچہر ی میں ہونے والے افسوس ناک خود کش حملہ کے بعد پوری نفری کو تھریٹ کے بارے میں بتادیا گیا ہے ۔شاہدرہ سے لے کر فیصل چوک مال روڈ تک تمام اونچی عمارتوں کی چھتوں پر سکیورٹی لگائی جائے گی ۔ آج رات تمام ڈویژنز میں سرچ آپریشنز ، سنیپ چیکنگ اور افغان بستیوں میں خصوصی طورپر بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے تصدیق کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی ویلفئیر کا خاص خیال رکھاجائے گا ۔متعلقہ افسران اپنے علاقوں کے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رکھیں گے ۔ ایس پی ہیڈکواٹرز عمر سعید تمام جوانوں کو انٹی رائٹ کا سامان بھیجنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔تمام افسران اپنے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کوہر پوائنٹ پر جاکر بریفنگ دیں گے اور سکیورٹی ڈیوٹی و تھریٹ کے بارے میں آگا ہ کریں گے۔پنڈال کے قریب کسی بھی غیر متعلقہ افراد کی آنے پر پابندی ہوگی ۔خواتین شرکاء کی ریلی میں شرکت کے لئے خاص چیکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جس کے لئے لیڈی کانسٹیبلز تعینات کی جائیں گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات