وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب کی زیر صدارت اجلاس

ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمدکے لئے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل کیا جا رہا ہے، شیخ آفتاب احمد

جمعہ 2 ستمبر 2016 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کے قومی ترقیاتی پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اسلام آباد میں پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب کی صدارت میں اجلاس ہوا۔پروگرام کا مقصد عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کرکے قومی ترقیاتی پروگرام کے ثمرات سے مستفید کرنا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمدکے لئے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی اعتماد میں لیا جا ئے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدرنے کہا کہ عوام کی منتخب جمہوری حکومت عوامی فلاح پرپوری توجہ چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے مفاد میں جہاں بڑے منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے وہاں قومی ترقیاتی پروگرام پرعملدرآمد کیلئے عوام کی ضروریات پوری کرنا ہماری ترجیح ہونی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو پانی ،بجلی ،گیس اورسیوریج سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ دوردراز اوردیہی علاقوں میں بھی ترقیاتی پروگرام پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے۔اجلاس میں سیکرٹری کابینہ ندیم حسن آصف ،گوجرانوالہ ،ملتان ،اور راولپنڈی کے کمشنرزاورمتعلقہ حکام شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :