وزیراعظم کانیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا 14 اگست 2017ء کو افتتاح کرنے کا اعلان

اسلام آباد راولپنڈی میٹرو کو نئے ایئر پورٹ سے منسلک کیا جائے،محمدنوازشریف کی ہدایت

جمعہ 2 ستمبر 2016 21:08

وزیراعظم کانیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا 14 اگست 2017ء کو افتتاح ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا 14 اگست 2017ء کو افتتاح کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد راولپنڈی میٹرو کو نئے ایئر پورٹ سے منسلک کیا جائے ۔ وہ جمعہ کو ایوان وزیراعظم میں ایوی ایشن امور کے بارے میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی، ڈی جی سول ایوی ایشن ایئر مارشل عاصم سلمان اور سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دور ان وزیراعظم کو بنوں اور مانسہرہ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہوائی اڈوں پر کام کی صورتحال اور پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تقریباً 82 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے کو مختص مالیاتی وسائل کے اندر مکمل کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں ٗ منصوبے کو 3 بڑے پیکیجز مسافر ٹرمینلز، فضائی اور زمینی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کا نیا ہوائی اڈہ 14 اگست 2017ء کو فعال ہو جائے گا۔ اجلاس کو رابطہ سڑکوں، آبی سہولیات، قدرتی گیس، بجلی اور متعلقہ سہولیات کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ رماں ڈیم اور کسانہ ڈیم نئے ہوائی اڈے کو پانی فراہم کریں گے اور یہ جلد مکمل ہو جائیں گے۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ مسافروں کیلئے علاقائی محور ثابت ہو گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد راولپنڈی میٹرو کو نئے ایئر پورٹ سے منسلک کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو سہولت ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ 14 اگست 2017ء کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کریں گے۔ اجلاس کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو عالمی معیارات کے مطابق منصوبے کی توسیع کیلئے مجوزہ مختلف جدید ڈیزائنوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مجوزہ ڈیزائن مغل اور ہسپانوی طرز تعمیر کے امتزاج کے ساتھ جدید فن تعمیر کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے مجوزہ ڈیزائنوں کی منظوری دیتے ہوئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی توسیع کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔