پولی کلینک ہسپتال کیلئے آکسیجن سلنڈرز کی خریداری میں کرپشن ٗ7 ملزم تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

جمعہ 2 ستمبر 2016 20:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء) سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ نے پولی کلینک ہسپتال کیلئے آکسیجن سلنڈرز کی خریداری میں کرپشن کے الزام میں گرفتار 7 ملزموں کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے جبکہ ایک ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد پولی کلینک ہسپتال کیلئے آکسیجن سلنڈرزکی خریداری میں کرپشن کے الزام میں گرفتار 8 ملزموں کو سینئر سول جج عبدالفغور کاکڑ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ان ملزموں میں 5 ڈاکٹرز، وزارت کیڈ کا سیکشن آفیسر اور 2 کنٹریکٹرز شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے آکسیجن گیس کی خریداری میں 3 کروڑ روپے کرپشن کی اور استدعا کی کہ مزید تفتیش، دیگر ملزموں کی گرفتاری اور رقم کی برآمدگی کیلئے جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

(جاری ہے)

ملزموں نے وکیل نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ 3سال بعدآکسیجن گیس کاایشو اٹھایاگیا ٗ کنٹریکٹ 2013ء میں دیا گیا تھا۔ کیس سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے اور مقدمہ کامدعی بھی گمنام ہے لہٰذا عدالت ایف آئی اے استدعا مسترد کرے۔ عدالت نے 7 ملزموں کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کر دیا جبکہ بیماری کے باعث ایک ملزم ڈاکٹر ذوالفقار صابر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔

متعلقہ عنوان :