ایم کیو ایم کے دفاتر گرانے اور الطاف حسین کی تصاویر پھاڑنے والے ایک بار پھر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں،30سال تک روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں کے حوالے کرنے والے قوم کو حقائق بتائیں

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دفاتر گرانے اور الطاف حسین کی تصاویر پھاڑنے والے ایک بار پھر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں،30سال تک روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں کے حوالے کرنے والے قوم کو حقائق بتائیں اوراندھیروں کے راج میں معصوم لوگوں کا شکار کرنے والوں کو بے نقاب کریں ۔

پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور مشرف نے بھتہ مافیا،ٹارگٹ کلرزاور بوری بند لاشوں کے سوداگروں کو ساتھ بٹھائے رکھا ،ایم کیو ایم کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کو بھی آئین و قانون کے سزا ملنی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے جسے عدم استحکام سے دوچار کرنے پاکستان کی سا لمیت سے کھیلتے رہے ،بھارتی ہاتھوں میں کھیلنے اور دشمن کے عزائم کی تکمیل کیلئے ہزاروں لوگوں کا قتل عام کرنے والے کسی رعایت اور رحم کے مستحق نہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے کچھ لوگ اب بھی ایم کیو ایم کی پشت پنائی کررہے ہیں اور بھیڑیے کو بھیڑ کی کھال پہنا کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہ کھیل جاری رہا تو کراچی میں امن کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور وہی قاتل اور بھتہ خور ایک بار پھر کراچی پر مسلط ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عجب تماشا ہے کہ میئر کراچی جیل سے بیٹھ کر پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کو کنٹرول کریں گے اور تمام محکمے ان کی ہدایات لینے جیل کا طواف کیا کریں گے ۔