افغانستان، فضائی کاروائی میں داعش کے 30جنگجو ہلاک ، متعدد زخمی،شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے اور اسلحہ کے گودام بھی تباہ ہوگئے ،سیکورٹی فورسز کا بدخشان میں طالبان کے زیر قبضہ سونے کی کانوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کا دعویٰ

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:54

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہا ر میں فضائی کاروائی کے نتیجے میں داعش کے 30جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،سیکورٹی فورسز نے بدخشان صوبے میں طالبان کے زیر قبضہ سونے کی کانوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ۔جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق ایک سینئر پولیس کمانڈر کا کہنا ہے کہ ننگرہارصوبہ میں فضائی کاروائی کے نتیجے میں داعش کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔

(جاری ہے)

کاروائی ضلع آچن ،رودات اور کوٹ میں کی گئی جہاں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔فضائی کاروائی میں 30جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔داعش کے جنگجو علاقے میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے جنھیں افغان فضائیہ نے نشانہ بنایا کاروائی کے نتیجے میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے اور اسلحہ کے گودام بھی تباہ ہوگئے ۔ادھربدخشان صوبے کے سیکورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع راجھستان میں طالبان کے زیر قبضہ سونے کی کانوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا۔کلیرنس آپریشن 40روز تک جاری رہا۔