بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی،تھوب اوربھمبر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ

بھارتی فائرنگ سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا،آئی ایس پی آر

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:51

راولپنڈی /نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تھوب اوربھمبر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھمبر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔دوسری جانب بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائدکیا ہے ۔بھارتی حکام کا الزام ہے کہ پاکستان رینجرز نے جموں وکشمیر کے اکھنور سیکٹر میں بھارتی چوکیوں پر فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کی جاتی ہے جس کے بعد وہ پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتا رہتا ہے ۔