راولپنڈی کا سیاستدان کبھی مارچ تو کبھی اکتوبر میں کچھ ہونے کی پیشگوئیاں کرتا ہے ، وزیر اعظم نے للکارا کہ تم تیاری کرو آئندہ الیکشن میں آپ کو اسمبلی کا رکن بننے کا موقع بھی نہیں ملے گا

زیر اعظم نواز شریف کی کالاشاہ کاکو جلسے میں نام لئے بغیر شیخ رشید پر تنقید، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے وزیراعظم کو مناظرے کا چیلنج دید یا

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:49

کالا شاہ کاکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے نام لئے بغیر شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی کا سیاستدان کبھی مارچ تو کبھی اکتوبر میں کچھ ہونے کی پیشگوئیاں کرتا ہے ، وزیر اعظم نے للکارا کہ تم تیاری کرو آئندہ الیکشن میں آپ کو اسمبلی کا رکن بننے کا موقع بھی نہیں ملے گا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں لاہور ایسٹرن بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ راولپنڈی کا ایک سیاستدان ہے جسے آپ اچھی طرح جانتے ہیں کبھی وہ کہتا ہے مارچ میں کچھ ہونے والا ہے کبھی کہتا ہے اکتوبر میں کچھ ہو گا ۔

وزیر اعظم نے شیخ رشید کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ تم تیاری کرو ، آئندہ آپ کو اسمبلی کا ممبر بننے کا موقع بھی نہیں ملے گا ۔ جب کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیر اعظم صاحب میں نہیں آئندہ الیکشن میں آپ نہیں ہونگے ۔شیخ رشید نے وزیر اعظم کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم قومی اسمبلی میں مناظرہ کریں میں ان کی کرپشن ثابت کرونگا ۔ میں عوام کی سربراہی کر رہا ہوں اور یہ لوگ جنرل کے کندھوں پر بیٹھ کر آئے تھے ۔