وزیراعظم محمد نوازشریف نے ساڑھے 16 کلومیٹر طویل لاہور مشرقی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منصوبہ 28 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، ہیوی ٹریفک لاہور شہر میں داخل ہوئے بغیراپنی منزل کو بلاتعطل رواں دواں رہے گی، راوی پل اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:35

کالا شاہ کاکو ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 ستمبر ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے ساڑھے 16 کلو میٹر طویل لاہور مشرقی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، یہ منصوبہ 28 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا جس سے ہیوی ٹریفک لاہور شہر میں داخل ہوئے بغیر اپنی منزل کو بلاتعطل رواں دواں رہے گی اور راوی پل اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔

وزیراعظم نے جمعہ کو وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور دیگر کے ہمراہ کالا شاہ کاکو میں لاہور مشرقی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ یہ منصوبہ 6 لین پر مشتمل ہو گا جبکہ ہر لین کی چوڑائی 3.6 میٹر اور 3 فٹ کا شولڈر ہوگا۔ یہ منصوبہ نیازی انٹرچینج سے 3.3 کلو میٹر دور رنگ روڈ سے منسلک ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ محمود بوٹی انٹرچینج سے شروع ہوکر جی ٹی روڈ اور لاہور اسلام آباد موٹروے پر اختتام پذیر ہوگا۔

اس شاہراہ پر ٹریفک کی حد رفتار120 کلو میٹر ہوگی۔ منصوبے سے مشرقی اور جنوبی لاہور میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا جبکہ راوی پل اور جی ٹی روڈ پر بھی ٹریفک کے بہاؤ میں کمی ہوگی۔ اس سے علاقے میں سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ شہر کے اندر ٹریفک منظم ہوگی جبکہ بھاری ٹریفک شہر میں داخل ہوئے بغیر منزل کو رواں دواں ہوگی۔ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا غیر معمولی منصوبہ ہے۔

پنجاب حکومت کے مجوزہ شاہی باغ پارک منصوبے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بائی پاس علاقے میں سیاحت اور تجارت کی ترقی کے راستے کھولنے میں بھی معاون ہوگا۔ منصوبے کیلئے اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اس کی تکمیل کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اری گیشن ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان ریلویز کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ بائی پاس کی تعمیر سے نہ صرف شہر کے اندر ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ لاہور شہر میں داخل ہوئے بغیر بھاری ٹریفک بغیر رکاوٹ گزرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔