انکوائری بل سب کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے،یہ صرف پانامہ نہیں آگے بننے والے تمام انکوائری کمیشن کیلئے مددگار ثابت ہوگا،اپوزیشن کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے‘مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) مسلم لیگ ن کے رہنما ورکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا انکوائری بل سب کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے،یہ صرف پانامہ نہیں آگے بننے والے تمام انکوائری کمیشن کیلئے مددگار ثابت ہوگا،اگر اپوزیشن کے پاس کوئی مثبت تجاویز ہے تو اس کا خیر مقدم کریں گے۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور ہوئی ہے ایم کیو ایم کے تمام لوگوں نے بھی اس قراداد کی تائید کی ہے،ہم کسی ایک شخص کے بیانات کی وجہ سے کسی سیاسی جماعت کو دہشتگردی کا سرٹیفیکٹ نہیں دے سکتے،الطاف حسین کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے لیکن جو چاہتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پر پابندی لگوائی جائے وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکامات کی روشنی اور اپوزیشن کے ٹی او آرز کو شامل کرکے انکوائری بل تشکیل دیا گیاہے،یہ بل سب کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے،یہ صرف پانامہ نہیں آگے بننے والے تمام انکوائری کمیشن کیلئے مددگار ثابت ہوگا،اگر اپوزیشن کے پاس کوئی مثبت تجاویز ہے تو اس کا خیر مقدم کریں گے۔