پاکستان حالت جنگ میں ہے،دشمن نے جنگ کا طریقہ کار بدل لیاہے،اس جنگ میں فوجیوں کے بجائے کرائے کے خود کش بمبار استعمال کئے جارہے ہیں،حالات کا تقاضا ہے کہ حکمران دشمن کی چالیں سمجھ کرحکمت عملی وضع کریں

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجدکامردان بم دھماکے پر مذمتی بیان

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے مردان کچہری میں ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے،دشمن نے جنگ کا طریقہ کار بدل لیاہے،اس جنگ میں فوجیوں کی بجائے کرائے کے خود کش بمبار استعمال کئے جارہے ہیں،حالات کا تقاضا ہے کہ حکمران دشمن کی چالیں سمجھیں اور ان کے مطابق حکمت عملی وضع کریں۔

انہوں نے کہا کہ آل انڈیا ریڈیو سے بلوچی زبان میں نشریات اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ایسے اقدامات کی جوابی حکمت عملی تیار کرے۔ انہوں نے وارسک اور مردان حملوں میں فورسز کے مزاحمتی کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم کو ان پر فخر ہے۔

انہوں نے شہداء کے پسماندگان اور زخمیوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء اے پی ایم ایل کے سربراہ جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے سینئیر صحافی اور دانشور زاہد ملک کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے مرحوم زاہد ملک کی ملک و قوم کے لئے کی گئیں خدمات کو سراہا اور پسماندگان سے اظہارافسوس کیا ۔