روئی کے آفیشل اسپاٹ ریٹس 6 ہزار 400 روپے اور 6 ہزار 859 روپے پر بند

جمعہ 2 ستمبر 2016 18:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء ) روئی کے آفیشل اسپاٹ ریٹس برائے 37.324 کلو گرام اور 40 کلوگرام کے بھاؤ میں مندی کا رجحان رہا۔ جمعہ کو 37.324 کلو گرام اور 40 کلوگرام کے بھاؤ میں بالترتیب 100 روپے اور 107 روپے کی کمی رونماء ہوئی۔ ایسوسی ایشن سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روئی کی نئی فصل 2016-17ء کے آفیشل اسپاٹ ریٹس برائے 37.324 کلو گرام کے نرخ گذشتہ کاروباری روز کے بھاؤ 6 ہزار 500 روپے سے کم ہو کر 6 ہزار 400 روپے اور 40 کلوگرام کے ریٹس 6 ہزار 966 روپے سے کم ہو کر 6 ہزار 859 روپے رہ گئے۔

اسی طرح 37.324 کلوگرام کے بھاؤ 135 روپے اندرون ملک اخراجات کے ساتھ 6 ہزار 535 روپے اور 40 کلوگرام کے ریٹس 145 روپے اندرون ملک اخراجات کے ساتھ 7 ہزار 4 روپے پر بند ہوئے۔ ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں سے حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک ٹرانزیکشن کے تحت روئی کی نئی فصل برائے 2016-17ء کی 11 ہزار 800 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 300 روپے سے 6 ہزار 650 روپے فی من پر بند ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گولارچی اور کندری کی روئی کی فی کس 200 گانٹھوں کے سودے سب سے کم بھاؤ 6 ہزار 300 روپے فی من پر بند ہوئے جبکہ کوٹ غلام محمد کی روئی کی 400 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 350 روپے اور 6 ہزار 400 روپے فی من رہے۔ اسی طرح کھپرو کی روئی کی 600 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 400 روپے فی من پر بند ہوئے۔ ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ بہاول نگر، بورے والا اور کبیر والا کی روئی کی فی کس 200 گانٹھوں کے سودے سب سے زیادہ ریٹس 6 ہزار 650 روپے فی من پر بند ہوئے جبکہ چیچہ وطنی، سمندری اور وہاڑی کی روئی کی فی کس 200 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 590 روپے فی من رہے۔