بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے مردان اور پشاور میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت

جمعہ 2 ستمبر 2016 18:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مردان کی عدالت اور پشاور کی کرسچن کالونی میں دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،جس میں متعدد بیگناہ شہری شہید اور سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ دہشتگرد بیگناہ شہریوں کو نشانہ بناکر پوری قوم کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن پورا ملک اور عوام دہشتگرد ی کے کینسر خلاف متحد ہے،بلاول بھٹو زرداری نے شہید شہریوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ ان حملوں میں زخمی ہونے والے شہریوں کا مناسب اور بہتر علاج کیا جائے، انہوں نے ان سکیورٹی اہلکاروں کو بھی سلام پیش کیا ہے جنہوں نے پشاور کی کرسچن کالونی میں دہشتگرد حملہ ناکام بنایا اور مسلح دہشتگردوں کو جائے وقوع پر ہلاک کردیا ۔