ضلعی حکومت اسلام آباد کو دنیا کا سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، ڈپٹی میئر اسلام آباد سیّد ذیشان علی نقوی

جمعہ 2 ستمبر 2016 18:13

اسلام آباد۔ 02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 ستمبر ۔2016ء) ڈپٹی میئر اسلام آباد سیّد ذیشان علی نقوی نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت اسلام آباد کو دنیا کا سرسبز و شاداب اور خوبصورت دارالحکومت بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جہاں شہر کی آبادی سے 10 گنا زائد درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیو ایریا میں سروس روڈ پر شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگانے کے موقع پر کیا۔

ایس ڈی پی آئی کے یوتھ کلائمیٹ نیٹ ورک نے بلیو ایریا میں شجرکاری کا اہتمام کیا تھا جس کا موضوع اسلام آباد کے قلب کے ماحول کی بحالی تھا۔ سیّد ذیشان علی نقوی اور ایچ بی ایس نے اس ضمن میں تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے مہم میں شامل ہونے والے نوجوانوں، رضا کاروں اور کاروباری اداروں کی کاوشوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر نے ایس ڈی پی آئی کے نوجوانوں کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ کائنات میں پودے انسانی جسم کیلئے پھیپھڑوں کی مانند ہوتے ہیں اور کائنات کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں نے اسلام آباد کی شادابی کے عنصر میں کمی کی۔ اس موقع پر یوتھ بورڈ کے صدر یاسر دل نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ نوجوان معاشرے کے 60 فیصد حصہ پر مشتمل ہیں اور انہیں ماحول کی بہتری کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔

نوجوانوں نے اپنے کام کے ساتھ ساتھ پودے لگائے اور آئندہ 6 ماہ تک ان پودوں کی دیکھ بھال کا حلف اٹھایا۔ ایس ڈی پی آئی کے سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ شکیل احمد رامے نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ گذشتہ برس موسمی تغیر کی وجہ سے شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا اور گرمی کی لہر سے ایک ہزار افراد ملک بھر میں جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تغیرات اور موسم کی شدت سے بچاؤ کیلئے درخت سبز پناہ گاہ ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :