پنجاب میں پیڈیا ٹرکس ریفرل سسٹم قائم کرنے کے منصوبے پرکاشروع

پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلڈرن ہسپتال اور لاہور کے سرکاری و نجی ٹیچنگ ہسپتالوں کا ریفرل سسٹم قائم کیا جائے گا ،ہر ہسپتال میں ریفرل سینٹر اور فوکل پرسن ہو گا، پی آئی ٹی بی کنکٹیویٹی نیٹ ورک بنائے گا، پروفیسر مسعود صادق پراجیکٹ کے فوکل پرسن نامزد

جمعہ 2 ستمبر 2016 18:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء) صوبے کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں دستیاب بچوں کے علاج معالج کی سہولیات سے بھر پور استفادہ کرنے ، چلڈرن ہسپتال لاہور پر ورک لوڈ کم کرنے اور مریضوں کی سہولت کے لئے صوبے میں پیڈیا ٹرکس ریفرل سسٹم قائم کرنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لاہور کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں اور نجی ہسپتالوں کا چلڈرن ہسپتال کے ساتھ ریفرل سسٹم اسٹیبلش کیا جا رہا ہے ۔

اس سلسلہ میں سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرفیصل مسعود ،ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق،یونیورسٹی آف مانچسٹر برطانیہ سے آئے ہوئے پروفیسر جلیل میاں،پروفیسر سیدمحمداویس،ایڈیشنل سیکرٹری(ایڈمن) اسد نعیم،چلڈرن ہسپتال کے ڈائریکٹر ایمر جنسی ڈاکٹر ناصر ودیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر مسعود صادق نے منصوبے کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں شعبہ امراض اطفال موجودہے اور علاج معالجہ کی سہولیات بھی دستیاب ہیں لیکن معمولی نوعیت کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کی کثیر تعداد کو چلڈرن ہسپتال ریفر کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لاہورکے بڑے بڑے نجی ہسپتال بھی بچوں کو علاج کے لئے چلڈرن ہسپتال ریفر کر دیتے ہیں جس سے نا صرف علاج معالجہ کی سہولیات کمپرومائز ہوتی ہیں بلکہ مریض بچوں اور ان کے لواحقین کے لئے بھی مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ فیصل آباد اور ملتان کے چلڈرن ہسپتالوں کو Strengthen کیا جائے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر ریجنل ریفرل سسٹم فوری طور پر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پروفیسر مسعود صادق کو حکومت پنجاب کی جانب سے فوکل پرسن نامزدکرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر میو ہسپتال،جناح ہسپتال،لاہور جنرل ہسپتال،سرگنگارام ہسپتال کے ساتھ چلڈرن ہسپتال کا ریفرل سسٹم قائم کرنے کے لئے فوری طور پر کام شروع کیا جائے اور اس میں لاہور کے بڑے نجی ہسپتال جہاں سے بیمار بچے ریفر ہو کر چلڈرن ہسپتال آتے ہیں ان کو بھی اس سسٹم کا حصہ بنایا جائے۔

نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال دیگر ہسپتالوں کی اس سلسلہ میں کیپسٹی بلڈنگ،ٹریننگ اور دیگر معاملات میں مدد اور رہنمائی کرے اور پی آئی ٹی بی سے کنکٹیویٹی نیٹ ورک بنوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہسپتال میں ریفرل سسٹم کے لئے ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے پاکستان پیڈیا ٹرک ایسوسی ایشن اور فیملی فزیشنز کے نمائندوں سے بھی اس سلسلہ میں تجاویز لینے کی ہدایت کی۔پروفیسر مسعود صادق نے بتایا کہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور تحصیل ہیڈکوارٹز ہسپتالوں میں بھی پیڈیا ٹریشنز موجود ہیں جو عام اور معمولی نوعیت کے امراض کا علاج مقامی سطح پر کر سکتے ہیں جس سے بچوں کے والدین کو سفری مشکلات اور اخراجات سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :