متحدہ قومی مومنٹ پاکستان نے الطاف حسین کے خلاف قرار داد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی

جمعہ 2 ستمبر 2016 17:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 ستمبر۔2016ء) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان نے الطاف حسین کے خلاف قرار داد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے جس میں پاکستان مخالف نعرے لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے 24 اراکین اسمبلی نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف پاکستان مخالف نعرے لگانے پر قرار داد قومی اسمبلی میں جمع کرا دی جس میں پاکستان مخالف نعرے لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ‘ قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں الطاف حسین کی تقریر کے باعث میڈیا ہاوٴسز پر ہونے والے حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان میں شامل اور پاکستان کی حامی ہے لہذا ایم کیو ایم پاکستان کے موقف کو ریاست اور ادارے کھلے دل سے تسلیم کریں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پیروکار تخلیق پاکستان کی جدوجہد کرنے والوں کی اولاد ہیں اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد کو جب اظہار خیال کرنے کا موقع ملا تو انھوں نے سب سے پہلے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔