2015ء میں دہشتگرد حملوں میں 2014ء کے مقابلے میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ‘ وزارت داخلہ

جمعہ 2 ستمبر 2016 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیاہے کہ 2015ء میں دہشتگرد حملوں میں 2014ء کے مقابلے میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور نیپ پر عملدرآمد کے بعد سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

جواب میں بتایا گیا ہے کہ 2 جون 2016ء کو امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2015ء میں دہشتگرد حملوں میں 2014ء کے مقابلے میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی۔ دہشتگردی کے حملوں میں ہونے والی اموات میں 39 فیصد اور زخمیوں میں 53 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ اسی عرصہ کے دوران بنگلہ دیش اور بھارت میں دہشتگردی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سیکیورٹی ڈویژن کے لئے سیکیورٹی آلات کی خریداری کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں ایک ارب تیس کروڑ روپے الگ سے رکھے گئے ہیں‘ سپیشل سیکیورٹی ڈویژن میں سول آرمڈ فورسز کے لئے 5 ارب 77 کروڑ روپے ‘ آرمڈ فورسز کے لئے 15 ارب 80 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کی کل تعداد 8819 ہے ‘ 330 منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹیکسوں کی مد میں 30 جون 2016ء تک 3112 ارب روپے جمع کئے گئے۔ ٹیکس ری فنڈ کی مد میں 30 جون 2016ء تک بقایا رقم 91 ارب روپے ہے جبکہ اٹھارہ ارب روپے کی ری فنڈنگ کے لئے 4ہزار 725 کلیم کرنے والوں کو جاری ہونے والے چیک زیر التواء میں شامل نہیں وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد نے زون فائیو میں 2004ء میں الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے تھے۔

سوسائٹی کے پاس 4222 کنال اراضی موجود ہے تاہم اس میں 5367 کنال اراضی تک کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کردیئے ہیں۔ عدم ادائیگیوں پر کوئی پلاٹ منسوخ نہیں کیا گیا۔ ابھی تک سی ڈی اے سے این او سی کا انتظار ہے۔ اس وقت مذکورہ سوسائٹی کے اکاؤنٹ میں 1 کروڑ 70 لاکھ روپے موجود ہیں۔ مذکورہ سوسائٹی میں بے ضابطگیوں پر قابو پانے کے لئے حکومت نے کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925ء کی دفعہ 43 کے تحت انکوائری شروع کردی ہے اور انکوائری آفیسر کی سفارشات کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :