ملکر کام کرتے ہوئے اپنے عوام کی اقتصادی ترقی و خوشحالی کے ذریعہ خطے میں امن و استحکام لا سکتے ہیں ‘وزیر اعظم

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملکر کام کرتے ہوئے اپنے عوام کی اقتصادی ترقی و خوشحالی کے ذریعہ خطے میں امن و استحکام لا سکتے ہیں ‘ سی پیک پاکستان اور خطے کیلئے خوشحالی کے یکساں مقاصد پر مبنی سفارتکاری کا نیا تصور ہے ‘منصوبہ سے بے روز گاری ختم ہوگی ۔وہ جمعہ کو ایس ای پی/ایس پی آئی سی چینی گروپ کے چیئرمین وانگ یودان سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

وزیراعظم نے پاک چین تعلقات کو سدا بہار اور گہری دوستی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے اعتماد اور خلوص کے جذبے کے ساتھ ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملکر کام کرتے ہوئے ہم اپنے عوام کی اقتصادی ترقی و خوشحالی کے ذریعہ خطے میں امن و استحکام لا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ اقتصادی محرومی سے نجات اور امن و خوشحالی کے حصول میں معاون سی پیک نہ صرف پاکستان کیلئے ”گیم چینجر“ ثابت ہو گا بلکہ اس سے پورے خطے کا مقدر بھی بدل جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور خطے کیلئے خوشحالی کے یکساں مقاصد پر مبنی سفارتکاری کا نیا تصور ہے۔ اس منصوبے سے غربت، بیروزگاری اور پسماندگی دور ہو گی۔ چینی کمپنی کے چیئرمین نے پرتپاک خیر مقدم ا ور فراخدلانہ مہمان نوازی پروزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کوسراہا جن سے ملک کی اقتصادی بحالی میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کو کامیاب بنانے کیلئے پاکستان کی حکومت کا عزم قابل تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :