کاشتکارگاجر کی اگیتی کاشت وسط ستمبر سے اکتوبر کے آخر تک مکمل کریں‘ محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 ستمبر۔2016ء) گاجرقدیم ترین سبزیوں میں سے ایک اہم سبزی ہے اورپنجاب کے اضلاع شیخوپورہ، لاہور، گوجرانوالہ اور جھنگ بہتر کوالٹی کی حامل گاجر کی پیداوار کے لیے مشہورہیں۔ گاجر میں چینی کی مقدار گلوکوز اور فرکٹوز کے مقابلہ میں دس گنا زیادہ ہوتی ہے اور اس کا جوس مقبول عام مشروب ہے۔ گاجر کی منظور شدہ ترقی دادہ قسم "ٹی ۔

29 “ہے جس کی پیداواری صلاحیت 16سے 20ٹن فی ایکڑ ہے۔ یہ قسم اپنی خوبصورت رنگت، سائز اور ذائقہ کے لحاظ سے کوئی ثانی نہیں رکھتی۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ گاجر کی اگیتی کاشت وسط ستمبر سے اکتوبر کے آخر تک مکمل کریں۔ گاجر سرد آب و ہوا کی فصل ہے اور 7ڈگری تا 23ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت بیج کے اگاؤ کے لیے ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

اچھی کوالٹی کی حامل گاجروں کے حصول کے لئے نرم، بھر بھری ،زرخیز اور لیزر لینڈ لیولر سے ہموار شدہ میرا زمین درکار ہوتی ہے جبکہ اگیتی فصل کے لئے ریتلی میرا زمین موزوں ہے۔ گاجر لمبی جڑ والی فصل ہے اس لئے کافی گہرائی تک زمین کو اچھی طرح تیار کیا جائے۔ اچھی کوالٹی کا صحت مند اور زیادہ روئیدگی والا 8تا10کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کیا جائے ۔

فاسفورس اور نائٹروجن کا اکٹھا استعمال پیداوار پر مثبت اثرات کا حامل ہے لہٰذا زمین کی تیاری کے دوران 2بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ استعمال کی جائیں۔ اچھی طرح ہموار اور تیار شدہ زمین میں75سینٹی میٹرکے فاصلہ پر پٹڑیاں بنا کردونوں کناروں پر ایک سینٹی میٹر گہرائی میں بیج کیرا کر کے مٹی سے ڈھانپ دیا جائے اور پانی لگایا جائے۔

پانی پٹڑیوں پر ہرگز نہ چڑھنے پائے اور صرف پانی کی نمی بیج تک پہنچے۔ ہفتہ میں دو دفعہ آبپاشی کر کے بہتر اگاؤ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ گاجر کا اگاؤ عا م طور پر7تا 8دن میں شروع ہو جاتا ہے لیکن اگر بیج12تا24گھنٹے بھگو لیا جائے تو اگاؤ جلدی شروع ہو جاتا ہے۔ گاجر کی کوالٹی میں چھدرائی کا بہت اہم رول ہے اورجب پودے 5تا 6 سینٹی میٹر اونچے ہو جائیں تو چھدرائی کے ذریعے پودوں کا درمیانی فاصلہ 2تا5سینٹی میٹر کر دیا جائے۔ بوائی کے بعد چھ ہفتوں تک جڑی بوٹیوں سے پاک کھیت نہ صرف زیادہ پیداوار کا سبب بنتے ہیں بلکہ اچھی کوالٹی کے سبب منڈی میں قیمت بھی زیادہ ملتی ہے۔ گاجر میں جڑی بوٹی مار زہر پینڈی میتھلین بحساب ایک لٹر فی ایکڑ بوائی کے فوراً بعد تر وتر حالت میں سپرے کی جائے۔

متعلقہ عنوان :