سی ڈی اے کی عارضی مویشی منڈی کے باضابطہ آغاز سے قبل ہی مویشی پہنچنا شروع ہو گئے

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:20

اسلام آباد ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کی عارضی مویشی منڈی کے یکم ذی الحجہ سے باضابطہ آغاز سے قبل ہی مویشی پہنچنا شروع ہو گئے۔ مقامی اور گردونواح کے بیوپاریوں نے تماشائیوں کیلئے نمائشی دام سنانا شروع کر دیئے تاہم خریداری کا عمل آئندہ چند دنوں میں باقاعدہ شروع ہو گا۔ سی ڈی اے کی طرف سے عارضی مویشی منڈی آئی بارہ ٹو میں قائم کرنے کیلئے ٹھیکے کی منظوری بھی دی گئی ہے اور یہ منڈی معاہدے کے مطابق یکم ذی الحجہ سے 13 ذی الحجہ تک منعقد ہو گی۔

مویشی منڈی کے با ضابطہ آغاز سے قبل ہی دیگر شہروں اور گردونواح کے علاقوں سے مویشی پہنچنے کا عمل جاری ہے۔ ریلوے کیرج فیکٹری روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں کی سروس روڈز پر بھی گاڑیاں، ٹرک اور سوزوکی پک اپ گاڑیوں پر مویشی اتارے اور چڑھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بڑے جانور کی خریداری کیلئے اجتماعی قربانی کے منتظمین کے گروپ مناسب داموں کے مویشیوں کے متلاشی ہیں جبکہ بیوپاری مرضی کے دام حاصل کرنے کیلئے کئی گنا زائد دام مانگ رہے ہیں تاہم تلہ گنگ، فتح جنگ کی مویشی منڈیوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت شروع ہے۔

اسلام آباد سے بھی بہت سے شوقیہ خریدار اچھے جانوروں کی تلاش کیلئے ان منڈیوں اور دیہات میں جانوروں کی سودا بازی شروع کر دی ہے۔ ایک شہری اسرار احمد نے بتایا کہ ڈومیل کے علاقہ میں ہم نے ایک جانور ایک مقامی رہائشی کے گھر پر پسند کیا ہے اور اس کا سودا 62 ہزار روپے میں کر لیا ہے ۔ عید سے ایک دو روز قبل لائیں گے۔ ساجد علی سردار اشرف اور ولی الرحمان نامی شہری نے بتایا کہ ہم ہر سال اپنے آبائی علاقوں میں پہلے سے جانور خرید کر چھوڑ دیتے ہیں اور اس مرتبہ بھی منڈی بہاؤ الدین کے نواحی دیہات میں ایک قریبی عزیز کے گھر مویشی خرید کو چھوڑے ہیں جنہیں دو دن دن قبل اسلام آباد لے آئیں گے۔

ایک شہری عارف محمود نے بتایا کہ اسلام آباد کی منڈی میں گزشتہ دو تین سال سے مال مناسب داموں پر مل جاتا ہے اور ہم آخری دنوں میں خریداری کرتے ہیں۔ کرم الٰہی نامی ایک بیوپاری نے کہا کہ ہم تین چار دوست ملکر جنوبی پنجاب کے دیہات سے عیدالفطر کے فوراً بعد جانور خریدتے ہیں اور منڈیوں کے آغاز کے ساتھ ہی مال یہاں لاتے ہیں اس مرتبہ ہم تین ساتھیوں نے بکرے اور بیل خریدے ہوئے ہیں جو (آج) ہفتہ کو یہاں پہنچ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :