سبزیوں کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹنل کاشت کاطریقہ بہترین ہے ، ماہرین زراعت

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:18

فیصل آباد۔2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء)ماہرین زراعتنے بتایا ہے کہ سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹنل کاشت کاطریقہ بہترین ہے جبکہ روائتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند ، واک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیرا ، ٹماٹر، شملہ مرچ، سبز مرچ ، گھیا کدو، گھیا توری، کریلہ، چپن کدو، حلوہ کدو، بینگن ، تربوز اور خربوزہ کی سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں دسمبر اور جنوری میں درجہ حرارت کم ہونے اور کورا پڑنے کی وجہ سے موسم گرما کی اگیتی سبزیاں کھیت میں اگانا ممکن نہیں ہے ۔موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے ٹنل کاشت طریقہ کو رواج دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ ان ٹنل کے اندر کاشت کی گئی سبزیوں کو شدید سردیوں کے موسم میں پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیا جاتا ہے جس سے ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے اورشدید سردی و کورے کے باوجود ان سزیوں کے پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے جس سے یہ جلد تیار اور اچھے داموں میں فروخت ہوتی ہیں جس سے کاشتکاروں کو زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹنل کے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ ٹماٹر ، شملہ مرچ ، سبزمرچ اور بینگن کی نرسری کی کاشت ستمبر کے آخر تک جبکہ کھیرا ،گھیا کدو ، گھیا توری ، کریلہ ، حلوہ کدو ، چپن کدو ، خربوزہ اور تربوز کی براہ راست کاشت نومبر کے آخرتک مکمل کرلیں۔انہوں نے کہاکہ پلاسٹک ٹنل میں سبزیات کی کاشت کے لیے سب سے اہم مرحلہ سبزیوں کا انتخاب ، قسم ،بیماریوں سے پاک صحت مند بیج کا حصول اور صحت مند نرسری اگانا ہے لہٰذانرسری اگانے کے لیے بہتر نکاس والی ہموار اور زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں ۔