حکومت کی طرف سے جاری کردہ فلڈ پلان پر ہمہ وقت عملی اقدامات کیلئے تیار رہا جائے، ملک محمد اقبال چنڑ

جمعہ 2 ستمبر 2016 15:29

لاہور۔2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) جنوبی پنجاب کے رودکوہیوں،دریاؤں ،ندی اور نالوں میں پانی کے بہاؤ کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے۔اس امر کا اظہارصوبائی وزیرکوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے فلڈمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا س مو قع پر ڈی سی او،پولیس افسران و دیگر محکموں کے سر براہان بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے سیزن کے دوران کسی بھی محکمے کی طرف سے کوتاہی نا قابل معافی ہے۔

تمام محکموں کے افسران و اہلکاران کسی بھی قسم کی چھٹی سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ فلڈ پلان پر ہمہ وقت عملی اقدامات کیلئے تیار رہا جائے۔انتظامیہ پہاڑی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ پر خصوصی مانیٹرنگ کرے تاکہ کسی بھی صورت حال سے قبل از وقت نمٹا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام اضلا ع میں قائم وئیر ہاؤسز میں اشیاء خورد و نوش و ضروریہ کا ذخیرہ کر لیا ہے تاکہ کسی بھی مشکل وقت میں متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ فلڈ کی صورت میں ریلیف کیمپوں کے لئے جگہ محفوط کر لی جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو فوری منتقل کیا جا سکے۔ خیمے،کشتیاں،لائف جیکٹس،ادویات،جراثیم کش گولیاں،مویشیوں کا چارہ و ویکسین کا ذخیرہ اپ ڈیٹ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی محکمہ کی طرف سے کوتاہی سامنے آئی تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔