صدر، وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنماوٴں کی مردان دھماکے کی شدید مذمت

جمعہ 2 ستمبر 2016 13:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 ستمبر۔2016ء) صدر ، وزیراعظم اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سمیت سیاسی رہنماوٴں نے مردان دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پسپا ہونے والے دہشتگرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ، دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں چھپنے نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی سربلندی کیلئے دعا بھی کی۔

مردان دھماکے کی صدر ممنون حسین نے پرزور الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی مردان دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے بھی مردان کچہری میں ہونیوالے حملے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی مردان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ واقعہ خالصتاً سفاکیت اور انتشار انگیزی کی مذموم کوشش ہے، صوبائی حکومت زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنائے۔ پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ ق سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے بھی مردان دھماکے کی پرزو ر الفاظ میں مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :