ڈائن بھی سات گھر چھوڑ دیتی ہے ، پیپلزپارٹی نے تو اپنے گھرلاڑکانہ کو بھی نہیں چھوڑا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 ستمبر 2016 17:33

ڈائن بھی سات گھر چھوڑ دیتی ہے ، پیپلزپارٹی نے تو اپنے گھرلاڑکانہ کو ..

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم ستمبر۔2016ء) سندھ ہائی کورٹ میں ترقیاتی کاموں کی مد میںِ 90 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ اور شہداد کوٹ میں ترقیاتی کاموں کے لئے جاری کی گئی رقم خرد برد کر لی گئی ہے۔ ترقیاتی فنڈز کی کرپشن میں فریال تالپور ، ایاز سومرو و دیگر شامل ہیں۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ مصطفی مہیسر نے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کسی اور کی ایماءپر حکومت کو بلیک میل کر رہا ہے ، درخواست مسترد کی جائے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈائن بھی سات گھر چھوڑ دیتی ہے ، لاڑکانہ تو پی پی کا گھر ہے ، آپ نے وہ بھی نہیں چھوڑا۔ پیپلز پارٹی نے 5 سال سندھ پر حکومت کی، لاڑکانہ تو اس کا گھر ہے۔چیف جسٹس سندھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود سفر کر کے دیکھا ہے کہ مونجو دڑو سے 45 منٹ کا راستہ سوا 2 گھنٹے میں طے ہوا۔ عدالت نے ایک ہفتے میں حکومت سندھ سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔